وزیراعظم کی آئندہ ہفتے سے ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور عوامی رابطہ مہم کے شیڈول کو حتمی شکل دیدی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان میں اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ‘ سوات میں کڈنی ہسپتال‘ بنوں اور کوہاٹ میں ایئرپورٹس کے توسیعی منصوبے‘ بلوچستان میں تعلیمی اداروں‘ ملتان خانیوال موٹر وے کا افتتاح کریں گے‘ سندھ اور بلوچستان میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے

اتوار 24 اپریل 2016 14:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف کی آئندہ ہفتے سے ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور عوامی رابطہ مہم کے شیڈول کو حتمی شکل دیدی گئی‘ ڈیرہ اسماعیل خان میں اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ‘ سوات میں کڈنی ہسپتال‘ بنوں اور کوہاٹ میں ایئرپورٹس کے توسیعی منصوبے‘ بلوچستان میں تعلیمی اداروں‘ ملتان خانیوال موٹر وے کا افتتاح کریں گے‘ سندھ اور بلوچستان میں عوامی اجتماعات سے بھی خطاب کریں گے۔

اتوار کو نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی آئندہ ہفتے سے شروع کی جانے والی عوامی رابطہ مہم کے شیڈول کو حتمی شکل دیدی گئی۔ وزیراعظم خیبرپختونخوا سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گے اور موٹر وے کے توسیعی پروجیکٹ اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف ڈیرہ اسماعیل خان میں اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کے افتتاح کے بعد سوات بھی جائیں گے جہاں وہ شریف خاندان کے تعمیر کردہ کڈنی ہسپتال کا افتتاح کریں گے۔

وزیراعظم سوات کے بعد بنوں اور کوہاٹ میں ایئرپورٹس کی توسیع کے منصوبوں کا بھی افتتاح کریں گے۔ خیبرپختونخوا کے بعد وزیراعظم سندھ کا رخ کریں گے اور سکھر اور دیگر اضلاع میں عوامی اجتماعات سے خطاب اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کریں گے۔ سندھ کے بعد وزیراعظم نواز شریف بلوچستان کے دورے پر کوئٹہ جائیں گے جہاں وہ تعلیمی اداروں سمیت دیگر منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ آخر میں وزیراعظم نواز شریف پنجاب میں ملتان خانیوال موٹر وے کے توسیعی منصوبے کا بھی افتتاح کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم آئندہ ہفتے میں مانسہرہ اور ہزارہ میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔