عام آدمی کی زندگی بچانے کے لیے ایف 16 کا استعمال

ہفتہ 23 اپریل 2016 23:08

عام آدمی کی زندگی بچانے کے لیے ایف 16 کا استعمال

ناروے(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اپریل۔2016ء)ناروے میں اپنی نوعیت کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک مریض کو موت کے منہ سے بچا لیا گیا کیونکہ اس کے علاج کے لیے جو مشین درکار تھی، وہ دنیا کے تیز ترین طیاروں میں سے ایک ایف 16 کے ذریعے لائی گئی۔
وسطی ناروے کے ایک قصبے بوڈو کے ہسپتال میں ایک مریض پھیپھڑوں اور دل کے ایک عارضے میں مبتلا تھا اور اسے فوری طور پر جس علاج کی ضرورت تھی، اسے مختصراً ECMO کہا جاتا ہے، جو اس ہسپتال میں دستیاب نہیں تھا۔

قریبی ترین شہر جہاں یہ سہولت میسر تھی 450 کلومیٹر دور جنوب میں واقع ٹرونڈیم تھا، جہاں کی انتظامیہ سے رابطہ کرنے پر معلوم ہوا کہ وہاں یہ مشین دستیاب ہے لیکن اس کو فوری طور پر بوڈو کیسے لایا جاتا؟
یہاں ہسپتال کے عملے کی حاضر دماغی کام آ گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملکی فضائیہ سے رابطہ کیا کہ وہ ایک مریض کی جان بچانے کے لیے یہ مشین فوری طور پر دوسرے شہر پہنچانے میں مدد کرے۔

خوش قسمتی یہ تھی کہ اس وقت فضائی اڈے پر دو ایف 16 طیارے پرواز کے لیے تیار تھے۔
ٹرونڈیم ہسپتال کے چیف ڈاکٹر اینڈرس ویٹنگ کارلسن نے کہا کہ انہوں نے صرف ایک سوال پوچھا کہ مشین کا حجم کتنا ہے؟ اور کچھ نہیں۔ بس پھر مشین اڈے تک پہنچائی گئی اور ایک ایف 16 طیارہ اسے لے کر گولی کی سی رفتار سے بوڈو روانہ ہوگیا۔
فضائیہ کا کہنا ہے کہ عام طور پر اتنا فاصلہ 35 منٹ میں طے کیا جاتا ہے، لیکن جان بچانے کے لیے اس جہاز کو اپنی انتہائی رفتار پر اڑایا گیا اور یوں یہ 25 منٹ سے بھی کم وقت میں منزل تک پہنچ گیا اور اس مریض کی جان بچا لی گئی۔