معیاری تعلیم کی فراہمی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا،صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال

ہفتہ 23 اپریل 2016 22:45

کوئٹہ۔23اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 اپریل۔2016ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اور صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال نے کہا ہے کہ معصوم بچوں کی تعلیم وتربیت اور معیاری تعلیم کی فراہمی پر کسی صورت بھی کسی کو بھی سودے بازی نہیں کرنے دینگے۔ چاہے حالات کچھ بھی ہوں سرکاری تعلیمی اداروں کی فعالیت اور اساتذہ کی حاضری کے ساتھ ان میں پڑھنے اور پڑھانے کا جذبہ پیدا کرکے دم لیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین بازار میں گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول اور گورنمنٹ ہائی سکول مچان کے اچانک دوروں کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ چےئرمین محمد عیسیٰ خان روشان ،ڈپٹی کمشنر انجینئر واحد خان کاکڑ ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر محمد فاروق ، ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر حاجی اکبر خان اور نعمت اللہ ہیکلزئی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال نے مختلف کلاسوں کا معائنہ کرتے ہوئے اساتذہ کے حاضری کے رجسٹرچیک کےئے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آج کے یہ معصوم بچے مستقبل کے معما ر ہیں اساتذہ نے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر واضح جذبے اور محنت کے ساتھ بچوں کو پڑھانے کے ساتھ ان کا مستقبل بھی سنوارنا ہو گا ۔ غیر حاضر اساتذہ کے ساتھ ساتھ نہ پڑھانے والے اساتذہ بھی جواب طلبی کے لئے تیار رہیں ۔

سہہ ماہی امتحانات میں یہ واضح ہوجائے گا کہ بچوں کو کس حد تک معیار ی تعلیم دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایکسویں صدی کا مقابلہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور صلاحیتوں سے بھرپور نوجوان ہی کرسکتے ہیں پشین جیسے گھمبیر آبادی کے سکولوں کے کسی بھی شعبے میں سستی قابل برداشت نہیں بلکہ ہر تعلیمی ادارے کے سربراہ اور سٹاف نے مل کر ہر ایک نے اپنی ذمہ داریاں بروقت سرانجام دینی ہوں گی۔ انہوں نے ماڈل بوائز ہائی سکول کی کمپیوٹر لیب کیلئے 5لاکھ روپے اور مچان ہائی سکول کی لیب کیلئے 10لاکھ روپے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کو درپیش ہر مسئلے کو حل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائینگے ۔ موجودہ صوبائی حکومت نے تعلیم کو بھرپور ترجیح دیکر اس کے بجٹ میں اضافہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :