وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت ریلوے ہیڈکوارٹر میں اجلاس

گوادر میں پاکستان ریلوے کے ایم ایل ون منصوبہ کی اپ گریڈیشن کے کام کو تیز کرنے کی ہدایت

ہفتہ 23 اپریل 2016 22:16

لاہور۔23اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 اپریل۔2016ء ) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹر میں ہفتہ کے روز ایک اجلاس کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ چین پاکستان اقتصادی راہدارہ کے زیر اہتمام گوادر میں پاکستان ریلوے کا ایم ایل ون منصوبہ کی اپ گریڈیشن کے کام کو تیز کیا جائے اور ایم ایل ون کی منظوری اور اس کی تشکیل سمیت دیگر اقدامات کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔

اجلاس میں منصوبہ ایم ایل ون کے سپیشل ٹیم کے سربراہ اشفاق خٹک سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔اس موقع پر پاکستان ریلویز کے 23رکنی وفد جو چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز جاوید انور بوبک کی سربراہی میں چین کا دورہ مکمل کر کے وطن واپس آیاہے نے وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کو اپنے دورہ کے متعلق بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

وفد نے بتایا کہ انہوں نے چین میں سینئر حکام سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ پروفیشنلز و ماہرین سے ملاقاتیں کیں ہیں،چینی ماہرین نے بتایا کہ ٹنل اور پلوں کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے مختلف اقدامات کئے گئے ہیں جس کے نتیجہ میں چین نے اپنی ٹرینوں کی رفتار کو بڑھایا ہے ۔

وفد نے بتایا کہ چائینہ دورہ کے دوران مختلف ماہرین سے جو معلومات حاصل کی گئی ہیں وہ ایم ایل ون منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے مدد دیں گی۔