چین ،برونائی، کمبوڈیا اور لاؤس جنوبی بحیرہ چین کا معاملہ حل کرنے پر متفق ہو گئے ،چینی وزیر خارجہ

ہفتہ 23 اپریل 2016 21:49

ونتیانے(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 اپریل۔2016ء ) چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ جنوبی بحیرہ چین کے معاملہ پر برونائی دارلسلام ، کمبوڈیا اور لاؤس کے ساتھ چار نکاتی ایجنڈے پر اتفاق کر لیا گیا ہے ۔چینی وزیر خارجہ نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ چاروں ممالک نے اتفاق کیا ہے کہ جنوبی بحیرہ چین میں چین اور آسیان ممالک کے مابین کچھ جزائر کے حوالے سے علاقائی تنازعات کوئی بڑا معاملہ نہیں ہے اور اس حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے چین اور آسیان ممالک کے مابین تعلقات پر بھی کوئی اثر نہیں پڑنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ چاروں ممالک نے اتفاق کیا کہ ہر ملک کو عالمی قوانین کے تحت اپنی سالمیت کے معاملات حل کرنے کے حق کا احترام کیا جائے اور دوسرے ممالک کی جانب سے یکطرفہ طور پر کسی ایک ملک پر کوئی بھی ایجنڈا مسلط کرنے کی مخالفت کی جائے ۔

(جاری ہے)

چاروں ممالک نے اتفاق کیا ہے کہ علاقائی اور میری ٹائم تنازعات متعلقہ فریقین براہ راست مشاورت اور مذاکرات کے ذریعے جنوبی بحیرہ چین کے آرٹیکل 4کے مطابق حل کیا جائے ۔ چاروں ممالک کا یقین ہے کہ چین اور آسیان ممالک جنوبی بحیرہ چین میں تعاون کے ذریعے امن اور استحکام قائم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔خطے سے باہر موجود دوسرے ممالک اس حوالے سے اپنا تعمیری کردار ادا کر سکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :