حافظ نعیم الرحمن کا الخدمت کے تحت قائم ایمرجنسی ریلیف کمیپ کا دورہ ،رضاکاروں کو خراج تحسین

جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضا کار ہمیشہ کی طرح عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، حافظ نعیم الرحمن کا لیاقت آباد کیمپ پر خطاب

ہفتہ 23 اپریل 2016 21:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اپریل۔2016ء) جماعت اسلامی کے تعاون سے الخدمت کے تحت شہرمیں کئی مقامات پر ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے ایمرجنسی ریلیف کیمپ لگادیے گئے ۔ یہ کیمپ اورنگی ٹاؤن ، لیاری بہار کالونی ، ملیر ، کورنگی ڈھائی نمبر ، ناظم آباد ،پاور ہاؤس چورنگی ،نارتھ کراچی اور دیگر مقامات پر لگائے گئے ہیں جہاں سے گرمی کی شدت سے متاثر افراد کو پینے کا ٹھنڈا پانی اور ٹھنڈے تولیے فراہم کیے گئے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے لیاقت آباد ڈاکخانہ چورنگی پر لگائے گئے کیمپ کا دورہ کیا ،رضاکاروں سے ملاقات کی اور ان کی کوششوں کو سراہا ۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان ،سکریٹری ضلع محمد یوسف، الخدمت ڈیزاسٹر کے نگراں قاضی صدر الدین ، سابق نائب ٹاؤن ناظم شہاب الدین ، امیر زون لیاقت آباد اسحاق تیمور ی اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے کیمپ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اور الخدمت گرمی سے متاثرہ افراد کی طبی امداد کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، حکومت کا ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لئے کئے گئے اقدامات صرف اخباری بیانات تک محدود نظر آ رہے ہیں، سخت گرمی میں کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضا کار ہمیشہ کی طرح اس مشکل گھڑی میں بھی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ سال کے پیش نظر اس سال ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے بڑے پیمانے پر آگاہی کا پروگرام شروع کیا ہے جبکہ ہزاروں کی تعدادمیں کتابچے بھی تقسیم کیے جارہے ہیں ۔جماعت اسلامی اس حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی میں شدید گرمی اور کئی سالوں سے بارش نہ ہونے کی وجہ سے جو صورتحال سامنے آئی ہے اس پر کراچی کے عوام پریشان ہیں۔

آفات و حادثات زندگی کا حصہ ہیں یہ آتے رہتے ہیں لیکن حکومت کا فرض ہے کہ وہ ان حالات میں عوام کے ساتھ کھڑی ہو۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے ہونے والے جانی نقصان کے بعد بھی کے الیکٹرک نے سبق نہیں سیکھا۔ گرمی شروع ہوتے ہی بجلی کی آنکھ مچولی شروع ہوگئی ہے اور کئی کئی گھنٹوں کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس سے شہری اذیت کا شکار ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ الخد مت اور جماعت اسلامی نے شہر کے مختلف مقامات پر کیمپس لگائے ہیں جس میں ٹھنڈا پانی اور ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ افراد کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، الخدمت اور جماعت اسلامی کے رضا کار شدید گرمی میں جو خدمات انجام دے رہے ہیں اس پر میں انہیں خراجِ تحسین پیش کر تا ہوں

متعلقہ عنوان :