ایم کیوایم سینیٹر ل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سیف یار خان ، بلوچستان کے آرگنائزر عطااﷲ کرد اور لاڑکانہ کے زونل انچارج عبید بلیدی پاک سرزمین پارٹی میں شامل

ہم مخصوص لوگوں کو اپنے ساتھ نہیں ملارہے ہیں ،ہر طبقہ فکر کے لوگ ہمارے ساتھ شامل ہورہے ہیں، مصطفی کمال کی باغ جناح گراؤنڈ میں پریس کانفرنس

ہفتہ 23 اپریل 2016 21:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اپریل۔2016ء) ایم کیوایم سینیٹر ل ایگزیکٹو کمیٹی اور رابطہ کمیٹی کے سابق رکن سیف یار خان اور بلوچستان کے آرگنائزر عطااﷲ کرد اور لاڑکانہ کے زونل انچارج عبید بلیدی نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے ۔ سیف یار خان نے کہا کہ مہاجر قوم جو کہ سائیڈلائن ہوگئی تھی مصطفی کمال او رانیس قائم خانی نے اس کو قومی دھارے میں شامل کرنے کی بات کی ہے ۔

کراچی پر مافیا کا قبضہ ہے جس کا لیڈر الطاف حسین لندن میں موجود ہیں۔را کے معاملے پر حکومت کو کوئی اقدام اٹھا نا چاہئے ۔مصطفی کمال نے کہا کہ ہماری پارٹی کو ایک ماہ ہوچکا ہے ۔لوگوں نے جتنا اچھے طریقے سے خوش آمدید کہا ہے اس پر اﷲ کے مشکور ہیں۔ہم سیاست کرنے نہیں آئے بلکہ معاشرے میں انسانیت کی بات کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ جناح گراؤنڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انیس قائم خانی اور دیگر بھی موجو دتھے۔سیف یار خان نے کہا کہ ہم 30 برسوں سے ایم کیو ایم میں کام کررہے تھے لیکن کچھ حاصل وصول نہیں ہوا۔مصطفی کمال اور انیس قائم خانی نے مہاجر قوم جو کہ سائیڈلائن ہوگئی تھی مصطفی کمال او رانیس قائم خانی نے اس کو قومی دھارے میں شامل کرنے کی بات کی ہے ہم بھی بہت سے معاملات کو دیکھ رہے تھے اور سوچتے تھے کہ شاید کو ئی ایسا پلیٹ فارم مل جائے جہاں جاکر پرسکون زندگی گزارسکیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں مافیا کا قبضہ ہے ا ور اس کا سربراہ الطاف حسین ہے ۔لندن میں چند لوگ ان کے گرد موجود ہیں جو ڈالروں میں تنخواہیں لیتے ہیں۔میں ایم کیوایم کے کارکنان سے معافی چاہتا ہوں کہ میں رابطہ کمیٹی میں رہ کر بھی ان کی خدمت نہیں کرسکا۔سیف یا رخان نے کہا کہ جب بھی ایم کیوایم پر براوقت آتا ہے تو کچھ لوگ یہاں سے بھاگ جاتے ہیں لیکن ہم نے یہا ں پر ہر قسم کے حالات کا سامنا کیا ہے ۔

ٹوئٹر پر پیغامات چلانے والے لوگ اچھے وقت میں یہاں آکر عہدے حاصل کرتے ہیں۔ہمیں اپنے ماں باپ کی شادی کی تاریخ معلوم نہیں لیکن الطاف حسین کی سالگرہ کی تاریخ یاد ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم میں کچھ بھی حاصل وصول نہیں تھا۔اس لئے ان کو خیر باد کہہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ را کے معاملے پر حکومت کو کوئی فیصلہ کرنا چاہئے ۔عطا اﷲ کرد نے کہا کہ ہمارے پاس کہنے کیلئے بہت کچھ ہے لیکن ابھی مناسب وقت نہیں۔

ہم قسطوں میں تمام چیزیں سامنے لائیں گے ۔مصطفی کمال نے کہا کہ شمولیت کرنے والوں کا سلسلہ جاری ہے ہم مخصوص لوگوں کو اپنے ساتھ نہیں ملارہے ہیں بلکہ ہر طبقہ فکر کے لوگ ہمارے ساتھ شامل ہورہے ہیں۔آج جن لوگوں نے شمولیت کی ان کی برائی کا سرٹیفکیٹ بھی کچھ دیر میں مل جائیے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہماری جماعت کو 30دن مکمل ہوگئے ہیں ایک ماہ کے دوران لوگوں نے جس طرح خوش آمدید کہا ہے اس پر اﷲ کا جتنا شکر ادا کریں وہ کم ہے ۔

ہمار امقصد ہے کہ کوئی کسی کے ساتھ زیادتی نہ کرے اور کسی کا گلا نہ کاٹے ۔ہر شہری دوسرے کی عزت کرے ۔تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی عزت ہو۔انہوں نے کہا کہ ہم سیاست کرنے نہیں آئے ہم معاشرے میں انسانیت کی بات کررہے ہیں اور لوگوں کو آپس میں لڑنے سے بچارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی کی بات کی کوئی فکر نہیں ہے کہ کوئی کیا کہتا ہے اور کہتا رہے ۔انیس قائم خانی نے کہا کہ ہمارے ساتھ تقریباً ایک سے ڈیڑھ ہزار یونٹ انچارجز ، سیکٹر انچاجز اور مختلف ذمہ داران آج شمولیت اختیار کررہے ہیں۔