کے الیکٹرک کو شہریوں کے اجتمائی قتل عام کا لائسنس دیا گیا ہے ،پیپلزپارٹی

میڈیا معمولی اشتہارات کی بنیاد پر کے الیکٹرک کی انتظامیہ کو شہریوں کے قتل کی اجازت نہ دے ،کمپنی کا کڑا احتساب کرے، اپیل

ہفتہ 23 اپریل 2016 21:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اپریل۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی شاہجہان بلوچ اور شاہدہ رحمانی نے کراچی میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے حوالے سے صوبائی حکومت کے اقدامات اور محکمہ موسمیات کی وارننگز کو پس پشت ڈال کر کراچی کے شہریوں کو مسلسل لوڈشیڈنگ کے عذاب میں گرفتار رکھنے پرکے الیکٹرک انتظامیہ کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نیپرا نے عدالت عظمی کے روبرو ایک رپورٹ میں کے الیکٹرک کی انتظامیہ کو گزشتہ برس ہیٹ اسٹروک سے ہونے والی 1200سے زائد ہلاکتوں کا ذمہ دار قرار دیا اور کے الیکٹرک کی انتظامیہ پرایک کروڑ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا لیکن اس کے باوجود کہ شہریوں کے اجتمائی قتل کی ذمہ دارکے الیکٹرک کی انتظامیہ دولت کی لوٹ مار میں اس قدر اندھی ہوچکی ہے کہ اس کے لیے کسی انسانی جان کی کوئی قیمت ہی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

یہ وہ کمپنی ہے جس کا کام صرف بدو لٹیروں کی طرز پر کراچی کے عوام کو لوٹنا اور انہیں اذیت میں مبتلا رکھنا ہے لیکن اس سے کہیں زیادہ تکلیف دہ بات یہ ہے کہ ریاست اس قدر کمزور یا لاتعلق ہوچکی ہے کہ کے الیکٹرک جیسی ملک دشمن اور عوام دشمن کمپنیوں کو عوام کو لوٹنے اور انکے اجتمائی قتل عام کی کھلی چھوٹ دیدی گئی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا 1200شہریوں کے اجتمائی قتل کی قیمت صرف ایک کروڑ روپے ہے اور کیا عدالتیں شہریوں کے ساتھ انصاف کرنے میں مخلص ہیں۔

کراچی کے شہری گزشتہ ایک دہائی سے مسلسل بجلی کے ناجائز بلوں، لوڈشیڈنگ پر سراپا احتجاج ہیں لیکن وفاقی حکومت، عدلیہ اور میڈیا سمیت کراچی کے عوام کی کوئی حیثیت ہی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو کراچی میں درجہ حرارت 38سے40ڈگری کی وارننگ جاری کی ہے لیکن کے الیکٹرک کی عوام اور ملک دشمن انتظامیہ کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ عوام جیتے ہیں یا مرتے ہیں۔

انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ معمولی اشتہارات کی بنیاد پر کے الیکٹرک کی انتظامیہ کو شہریوں کے قتل کی اجازت نہ دے بلکہ اس کمپنی کا کڑا احتساب کرے۔ انہوں نے سندھ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کے الیکٹرک کی انتظامیہ کے خلاف سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :