Live Updates

وزیراعظم کے خطاب سے پہلے عمران خان جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کررہے تھے‘ پرویز رشید

وزیرعظم کی ذات پر کوئی الزام نہیں،عمران خان کی داڑھی میں ایک نہیں کئی تنکے ہیں،کمیشن کی تحقیقات کے بعد الزام تراشی کی سیاست ختم ہوجائے گی ،وفاقی وزیر اطلاعات کی صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 23 اپریل 2016 21:03

گگو منڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے خطاب سے پہلے عمران خان جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کررہے تھے‘ وزیراعظم نے جب کمیشن کے قیام کا اعلان کردیا تو اس کمیشن کے خوف سے عمران خان بھاگ رہے ہیں۔ ہفتہ کے روز صحافیوں سے گفتگو کے دوران عمران خان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان سمیت تمام جماعتوں کے رہنماء کہتے رہے کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن بنایا جائے۔

وزیراعظم نے کمیشن بنایا، اب کمیشن سے سارے بھاگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا خیال تھا کہ وزیراعظم کمیشن نہیں بنائیں گے اب جبکہ کمیشن بن گیا تو ان کا خیال غلط ثابت ہوگیا۔

(جاری ہے)

عمران خان کے خیال ہمیشہ کیلئے غلط ثابت ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ کمیشن وزیراعظم کی تحقیقات کرے گا وزیراعظم اور پارٹی کا دامن صاف ہے ان کو کوئی ڈر نہیں اگر خوف ہے تو صرف عمران خان کو ہے خان صاحب کمیشن کی تشکیل سے خوفزدہ ہوگئے ہیں۔ وزیرعظم کی ذات پر کوئی الزام نہیں جبکہ عمران خان کی داڑھی میں ایک تنکا نہیں کئی تنکے ہیں انہوں نے کہا کہ کمیشن کا دائرہ بہت وسیع ہے اس کمیشن کی تحقیقات کے بعد الزام تراشی کی سیاست ختم ہوجائے گی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات