ہمیں ہروقت اللہ کی بارگاہ میں بخشش کے طلب گار رہنا چاہیے،مولانا اکرم اعوان

ہر حال میں ہمیں لوٹ کر اپنے پروردگار کی بارگاہ میں حاضر ہونا ہے:تقریب سے خطاب

ہفتہ 23 اپریل 2016 20:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 اپریل۔2016ء) شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ مولانا امیر محمد اکرم اعوان کہا ہے کہ دنیاوی لالچ کے لیے اپنی آخرت برباد نہیں کرنی چاہیے۔اس دنیا میں وہی سکون اور امن سے رہیں گے جو نیکی کریں گے ورنہ سب کچھ ہوتے ہوئے بھی اطمینان نصیب نہیں ہو گا۔جو لوگ اپنے آپ کو گناہ سے روکے رکھتے ہیں اور خلوص دل سے اللہ کریم کی اطاعت کرتے ہیں اُن کے لیے دنیا میں بھی عزت اور سکون ہے اور آخرت میں بھی بے حساب اجر ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے قرآن کریم کی تفسیر بیان کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہر لمحہ اُس کی بارگاہ میں بے بس رہنا، اس کی قدرت سے ڈرتے رہنا اور ہر وقت بخشش کے طلب گار رہنا چاہیے۔ہماری تو عبادات بھی اس قابل نہیں کہ اُس کی بارگاہ میں پیش کی جائیں تو گناہ اور نافرمانی کا تو تصور بھی اُ س کی بارگاہ میں بڑی عجیب بات ہے۔

(جاری ہے)

مشرکانہ عقائداورکافرانہ کردار دوزخ میں لے جانے والے ہیں۔

برائی سے نیکی جنم نہیں لیتی جو اللہ کی ناشکری کرتے ہیں وہ ہدایت پانے کی استعداد بھی کھو بیٹھتے ہیں۔اگر اللہ کا شکر ادا کیا جائے یعنی اللہ کریم کی پرخلوص اطاعت کی جائے تو اللہ کریم خوب جاننے والے ہیں معاف فرمادینے والے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر حال میں ہمیں لوٹ کر اپنے پروردگار کی بارگاہ میں حاضر ہونا ہے آج وقت ہے سانسیں چل رہی ہیں اسی دنیا میں آخرت کی تعمیر ہونی ہے ۔اسلام ایک ہی فرقہ ہے ایک ہی دین ہے جو اس سے دائیں بائیں ہو گا وہ ایک نیا فرقہ ہوگا۔اللہ کریم ہمیں دین اسلام پر عمل کی توفیق عطا فرمائیں۔(امین) آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اور بقا کی اجتماعی دعا فرمائی۔

متعلقہ عنوان :