ڈی جی پی آر کے زیر اہتمام رنگوں کے ذریعے اورنج ٹرین کی اہمیت اجاگرکرنے کیلئے وال پینٹنگز کا مقابلہ

گرافٹی پینٹگزکے مقابلہ میں لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی اور کنیئرڈ کالج کی 16 طالبات نے حصہ لیا ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری نے پوزیشنیں حاصل کرنے والی طالبات میں نقد انعامات و سرٹیفکیٹس تقسیم کئے

ہفتہ 23 اپریل 2016 18:32

لاہور۔23اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 اپریل۔2016ء) رنگوں کے ذریعے لاہور اورنج لائن کے ثمرات و اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے ڈائریکٹوریٹ جنرل تعلقات عامہ پنجاب کے زیر اہتمام لاہور کالج یونیورسٹی اور کنیئرڈ کالج کی طالبات کے درمیان پینٹنگز کا مقابلہ ہوا-دونوں تعلیمی اداروں کی طالبات نے ڈی جی پی آر کی دیوار پر اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا اور رنگوں کی مدد سے اورنج لائن میٹرو ٹرین کی اہمیت کو اجاگر گیا -کنیئرڈ کالج کی ٹیم عائشہ بابر اور مریم ساجد نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ لاہور کالج فار وویمن یونیورسٹی کی ٹیم زنیرہ ساجد اور ماہ نور شفقت نے دوسری اور کنیئر ڈ کالج کی ٹیم شرمین ملک اور زویہ خالد نے تیسری پوزیشن حاصل کی -پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو دس ہزار روپے اور سرٹیفیکیٹس دیئے گئے ،اسی طرح دوسری پوزیشن حاصل کرنیو الی ٹیم کو سات ہزار اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو پانچ ہزار روپے و سرٹیفکیٹس دیئے گئے-جج کے فرائض حسیب خان نے سر انجام دیئے۔

(جاری ہے)

ترجمان پنجا ب حکومت سید زعیم حسین قادری نے انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ثمرات کو رنگوں کی زبان کے ذریعے اظہار اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے فائن آرٹ کے طلبا و طالبات آگے آئیں-بہترین تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہر ہ کرنے والے طلبا و طالبات کی ہر ممکن سر پرستی کی جائے گی -سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ ایسے آرٹ کے مقابلے پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی منعقد کرائے جائیں گے-اس موقع پرترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری، سیکرٹری انفارمیشن مومن آغا،ڈی جی پی آر جہانگیر انور ،محکمہ کے دیگر افسران کے علاوہ لاہور کالج یونیورسٹی اور کنیئرڈ کالج کی طالبات بھی موجود تھی-بعد ازاں ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری نے پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشنیں حاصل کرنے والی طالبات کے علاوہ مقابلے میں حصہ لینے والی طالبات میں بھی نقد انعامات اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔