چین : کلاس میں دیر سے آنے والے طالبعلموں کو انوکھی سزا

ہفتہ 23 اپریل 2016 16:23

سیچوان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 اپریل۔2016ء)چین کے جنوب مغربی صوبے سچوان کے دارالحکومت چنگدو میں یونیورسٹی آف الیکٹرانک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے طالب علموں کو ہر مرتبہ کلاس میں دیر سے آنے پر سزا کے طور پر ایک ہزار ایموجیز بنانے پڑتے ہیں۔میش ایبل کے مطابق اگرچہ اس حوالے سے معلومات سامنے نہیں آسکیں کہ آخر اس انوکھی سزا کا خیال سب سے پہلے کس استاد کو آیا، لیکن واقعی تعلیمی اداروں میں طالب علموں کو دی جانے والی سزاوٴں میں سے 'ایک ہزار ایموجی' بنانے کی سزا اپنی طرز کا پہلا واقعہ ہے۔

(جاری ہے)

اور اگر طالب علموں کی جانب سے بنائے گئے ان ایموجیز کو غور سے دیکھا جائے تو معلوم ہوگا کہ یہاں بھی طالب علموں کو اپنی تخلیقی صلاحیتیں دکھانے کا پورا پورا موقع دیا گیا، کیونکہ ایک ہزار ایموجیز میں سے ہر ایک دوسرے سے مختلف تھا۔یاد رہے کہ انگلش زبان کی معتبر ترین آکسفورڈ ڈکشنری نے بھی ایک مخصوص 'ایموجی' کو 2015 کا لفظ قرار دیا تھا جو آنسو اور خوشی کے متضاد جذبات کا اظہار کرتے ہیں۔'ٹیرز آف جوائے' نامی یہ ایموجی آکسفورڈ ڈکشنری کے لیے گذشتہ سال کا سب سے اہم لفظ رہا جو انگریزی زبان میں آنے والے انقلاب کی عکاسی کرتا ہے۔