چین نے آب و ہوا کی تبدیلی کے معاہدے پر دستخط کر دیئے

ہفتہ 23 اپریل 2016 14:58

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 اپریل۔2016ء ) چین نے آب و ہوا کی تبدیلی کے بارے میں پیرس معاہدے پر دستخط کر دیئے ، اس معاہدے کا مقصد گلوبل وارمنگ کیخلاف عالمی کوششوں کو تیز کرنا اور ستمبر میں جی 20 کانفرنس کے انعقاد سے قبل پیرس معاہدے کے بارے میں مقامی قانونی عمل کو حتمی شکل دینا ہے ۔یہ بات چین کے نائب وزیر اعظم اور چینی صدر کے خصوصی نمائندے ژینگ گاؤ لی نے دستخطوں کی تقریب کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چینی عوام اپنے وعدوں کی پاسداری کرنا جانتے ہیں اور ہم پیرس معاہدے کو نافذ کرنے کے لئے کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہیں کرینگے ، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں عالمی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری بان کی مون نے کہا کہ جس طرح آپ نے معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں اس سے پتہ چلتا ہے کہ دنیا کی بہتر تعمیر آپ کے ہاتھوں میں ہے اس کے لئے میں قائدانہ کردار ادا کرنے پر آپ کا شکر گزار ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ارتھ ڈے کے موقع پر اس معاہدے پر دستخط ہونا ایک تاریخی واقعہ ہے جس کے بارے میں گذشتہ دسمبر میں پیرس میں ہی 196ملکوں نے مذاکرات کئے تھے جبکہ اس معاہدے کے بارے میں اقوام متحدہ کے سفارتی نمائندوں نے نو سال تک کام کیا ہے۔