صحافیوں کیلئے بلٹ پروف جیکٹس غزہ لانے پر پابندی عائد کرنا صہیونی ریاست کی صحافتی دہشت گردی ہے، فلسطینی پریس کلب

ہفتہ 23 اپریل 2016 14:52

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اپریل۔2016ء) فلسطینی پریس کلب اور صحافتی برادری کی جانب سے صحافیوں کیلئے بلٹ پروف جیکٹیں غزہ لانے پر عائد کی گئی حالیہ پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے صہیونی ریاست کی صحافتی دہشت گردی قرار دیا ہے۔غزہ میں پریس کلب کی جانب سے جاری بیان میں اسرائیلی حکام کے اس فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مغربی کنارے سے غزہ کی پٹی میں صحافیوں کیلئے بلٹ پروف جیکیٹں داخل نہیں کی جاسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

پریس کلب نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی طرف سے غزہ کے صحافیوں کو بلٹ پروف جیکٹوں سے محروم رکھنے کی پالیسی کی شدید مذمت کرتے ہوئے صہیونی ریاست پر فیصلہ تبدیل کرانے کیلئے دباوٴ ڈالیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ انہیں یہ اطلاع ملی ہے کہ اسرائیل نے صحافیوں کے استعمال میں حفاظتی جیکٹوں کے غزہ لے جانے پرناروا پابندی عائد کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صحافیوں کی حفاظتی جیکٹوں کی غزہ کو ترسیل بند کرنا بین الاقوامی صحافتی آزادیوں اور بنیادی حقوق کی سنگین پامالی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

متعلقہ عنوان :