یہودیوں کے مذہبی تہوار کی 7روزہ تقریبات کی آڑ میں فلسطین کے تمام شہروں میں اسرائیلی فوج کی غیرمعمولی نفری تعینات

ہفتہ 23 اپریل 2016 14:42

رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اپریل۔2016ء) یہودیوں کے مذہبی تہوار عید الفصح کی 7روزہ تقریبات کی آڑ میں فلسطین کے تمام شہروں میں اسرائیلی فوج کی غیرمعمولی نفری تعینات کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے تمام شہروں کو اگلے 48 گھنٹوں کیلئے اسرائیلی فوج کی تحویل میں دیدیا گیا ہے۔اسرائیلی عبرانی اخبار یدیعوت احرونوت نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ جمعرات کی شام سے اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے اہم مقامات کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہودیوں کے کل 22 اپریل بروز جمعہ سے شروع ہونیوالے سات روزہ مذہبی تہوارعید الفصح کے دوران ابتدائی طور پر 48 گھنٹوں کیلئے مغربی کنارے میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ جمعرات کی شام کے بعد جمعہ کا دن اور ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب تک سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔ادھر بیت المقدس میں اسرائیلی پولیس نے دو فلسطینی شہریوں نور الشلبی اور عمر ابو عرفہ کو چار سے 10 دن تک مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔ بیت المقدس میں اسرائیلی پولیس کی تلاشی کی کارروائیوں میں امیر بلبیسی، انس عابدین نامی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ محمد ابو شوشہ نامی شہری کو حراستی مرکز میں طلب کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :