عالم اسلام ،عرب دنیا کی جانب سے فلسطینیوں کی مالی، سیاسی ، سفارتی مدد جاری رہی تو جلد فلسطینی قوم آزادی کی فضاء میں سانس لیگی، خالد مشعل

ہفتہ 23 اپریل 2016 14:42

استنبول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اپریل۔2016ء) حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے کہا ہے کہ عالم اسلام اور عرب دنیا کی جانب سے فلسطینیوں کی مالی، سیاسی ، سفارتی مدد جاری رہی تو وہ وقت زیادہ دور نہیں جب فلسطینی قوم بھی آزادی کی فضاء میں سانس لے گی۔ فلسطینی قوم نے تمام تر مشکلات کے باوجود یہ ثابت کیا ہے کہ وہ دشمن کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گی۔

اطلاعات کے مطابق ترکی کے شہر استنبول میں ’شکریہ ترکی‘کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خالد مشعل نے کہا کہ فلسطینی عوام نے دشمن کی ہر طرح کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا فن سیکھا ہے۔ غزہ کی پٹی کے عوام قابض دشمن کیخلاف مسلسل برسرپیکار ہیں وہ اسرائیل کی مسلط کردہ پابندیوں کو توڑنے کیلئے مزاحمت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

خالد مشعل نے غزہ کی پٹی کے عوام کی مشکلات اور شہریوں کے جذبہ حریت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ غزہ پورے فلسطین کی عزت وقار کا دوسرا نام ہے۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ دنیا کی کوئی طاقت فلسطینی قوم کو صہیونی دشمن کے سامنے جھکنے پرمجبور نہیں کرسکتی۔حماس رہنماء نے فلسطینیوں کے حقوق کی کھل کرحمایت کرنے پر ترک حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے عوام اور حکومت کو عالم اسلام کی مشکلات کا احساس ہے، جس کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس وقت ترکی نے لاکھوں پناہ گزینوں کا بوجھ اٹھا رکھا ہے۔ غزہ پر جب اسرائیل نے ننگی جارحیت مسلط کی تو ترکی کے ساتھ ہم مسلسل رابطے میں رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :