پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا کوئی ارادہ نہیں ‘ ذو الفقار مزا

ہفتہ 23 اپریل 2016 14:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اپریل۔2016ء ) سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ انکا پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا کوئی ارادہ نہیں ۔کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین نے مصطفی کمال کو بہترین میئر قرار دیا تھا تاہم اب ان کی نظر میں وہی برے بن گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال الطاف حسین کے بارے میں کچھ نیا نہیں کہہ رہے بلکہ وہی باتیں کر رہے ہیں جو میں پانچ سال سے کر رہا ہوں ۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو جو کرنا چاہ رہے ہیں وہ پاکستان پیپلز پارٹی کیلئے اچھا ہو گا تاہم پیپلز پارٹی کا جو حال پنجاب میں ہوا ہے وہی اس کا مستقبل ہے ‘ قادر پٹیل کی ملک میں واپسی اچھا اقدام ہے وہ ہر چیر کا سامنا کر رہے ہیں جس سے سچ اور جھوٹ کا پتا چل جائے گا ۔

(جاری ہے)

ذو الفقار مرزا نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں اربوں کھربوں کی لوٹ مار ہو رہی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سندھ کے چور اگر پاناما لیکس کے پیچھے چھپنا چاہیں تو ایسا ہم نہیں ہونے دیں گے۔ذوالفقار مرزا نے کہا کہ پاناما لیکس قومی معاملہ ہے اس کا براہ راست سندھ سے کوئی تعلق نہیں، سندھ میں اربوں کھربوں کی لوٹ مار ہوئی، حکمران جماعت کے سربراہ کی بہن نے محکمہ آبپاشی میں لوٹ مار کی، سندھ کے چور اگر پاناما لیکس کے پیچھے چھپنا چاہیں تو ایسا ہم نہیں ہونے دیں گے۔