داعش کا شامی طیارے کو مارگرانے اور پائلٹ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ،ویڈیو بھی جاری کردی

ہفتہ 23 اپریل 2016 14:09

بیروت /دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 اپریل۔2016ء ) شام اور عراق میں سرگرم انتہا پسند گروہ داعش نے شامی طیارے کو مارگرانے اور اسکے پائلٹ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شام اور عراق میں سرگرم انتہا پسند گروہ داعش نے دعوی کیا ہے کہ ایک شامی پائلٹ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس شدت پسند گروہ کے مطابق دمشق کے مغرب میں ایک طیارے کو مار گرایا گیا اور اس کا پائلٹ حراست میں لے لیا گیا ہے۔

درایں اثنا دہشت گرد تنظیم سے وابستہ خبر رساں ایجنسی نے دعوی کیا ہے کہ جائے حادثہ کے قریب سے شامی فضائیہ کے تباہ شدہ طیارے کے پائلٹ کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ہواباز کی شناخت عزام عید کے نام سے ہوئی ہے جو حماہ شہر کا پیدائشی ہے۔ ہواباز نے طیارہ تباہ ہونے سے پہلے پیراشوٹ کے ذریعے مشرقی دمشق کے علاقے میں چھلانگ لگائی۔

(جاری ہے)

داعش نے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے، جس میں جہاز کا ملبہ دکھایا گیا ہے۔

ویڈیو میں تباہ ہونے والے طیارہ کے جلتے ہوئے ڈھانچے کے گرد داعش کے جنگجو دیکھے جا سکتے ہیں۔ طیارے پر شامی پرچم بھی نمایاں نظر آ رہا ہے۔شامی حکومت نے اس بارے میں فوری طور پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ شام میں سرگرم انتہا پسند تنظیم 'داعش' نے بشار الاسد کی وفادار فضائیہ میں شامل ایک لڑاکا طیارہ کے جمعہ کے روز دمشق کے نواح میں گر کر تباہ ہونے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر لوڈ کی ہے۔

یہ طیارہ دمشق ہوائی اڈے کے جنوبی پہاڑی سلسلہ کوہ دکوہ میں گر کر تباہ ہوا، تاہم ابھی تک اس کے گرنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ادھر شام میں انسانی حقوق کی صورتحال مانیٹر کرنے والی شامی آبزرویٹری نے بتایا ہے کہ جمعہ کے روز سرکاری فضائیہ نے شمالی شہر حلب کے مختلف علاقوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں کم سے کم 19 افراد ہلاک ہوئے۔یہ حملے اس وقت کیے گئے، جب شامی اپوزیشن نے جنیوا مذاکرات کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا۔ اپوزیشن کے مطابق فائر بندی ڈیل کی مسلسل خلاف ورزیوں کے دوران امن مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :