اپوزیشن میں نہ مانوں کی ضد پر اڑی ہوئی ہے‘ جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ پورا کیا تو بیان بد لے جارہے ہیں ،چوہدری نثار

ہفتہ 23 اپریل 2016 13:44

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 اپریل۔2016ء) وفاقی و زیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن میں نہ مانوں کی ضد پر اڑی ہوئی ہے‘ تمام جماعتوں نے جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کیا تھا وہ پورا ہوا تو اب پھر بیان بدلا جا رہا ہے ‘ پاکستان طویل المدت پائیدار ترقی کے ویژن 2025 ء پر عمل پیرا ہے ‘ پیرس معاہدہ دنیا کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔

وہ ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف بین الاقوامی کوششوں کے حوالے سے 175 ممالک کے ساتھ اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر میں طے پانے والے معاہدے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پیرس معاہدہ دنیا کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ دنیامیں گلوبل وارمنگ میں پاکستان کا کردار کم ہے اس کے باوجود پاکستان موسمی تبدیلیوں کے اثرات سے متاثر ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

ماضی کے مقابلے میں پاکستان کا درجہ حرارت بہت بڑھ چکا ہے۔دنیا کے مقابلے میں پاکستان کے 5 ہزار گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں۔ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کونسل اور اتھارٹی قائم کی گئی ہے۔ پاکستان طویل المدت پائیدار ترقی کے ویژن 2025ء پر عمل پیرا ہے۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن میں نہ مانوں کی ضد پر اڑی ہوئی ہے۔ تمام جماعتوں نے پانامہ لیکس پر جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کیا تھا۔ جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ پورا ہوا تو اب پھر بیان بدلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جوڈیشل سمیت ہر قسم کے کمیشن کے سامنے پیش ہونے کو تیار ہیں۔