یورپی یونین سے برطانیہ نکل گیا تو برطانیہ امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدوں میں قطار کے سب سے آخر میں کھڑاہو گا ‘ اوباما

ہفتہ 23 اپریل 2016 13:24

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اپریل۔2016ء) امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ یورپی یونین سے اگر برطانیہ نکل گیا تو برطانیہ امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدوں میں قطار کے سب سے آخر میں کھڑا ہو گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اوباما نے کہا کہ برطانیہ کا مضبوط یورپی یونین میں اہم کردار ہے اور یورپی یونین کا ممبر رہتے ہوئے عالمی سطح پر برطانیہ اہم پلیئر رہے گا۔

تاہم یورپی یونین چھوڑنے کے حق میں مہم چلانے والوں نے صدر اوباما پر تنقید کی۔ ٹوری کے ایم پی ڈومینک راب نے صدر اوباما کو لیم ڈک صدر کہا۔راب نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ امریکہ ناکام ہو گیا اور یورپی یونین کے ساتھ تجارتی معاہدہ حاصل نہ کر سکنا براک اوباما کی سب سے بڑی تجارتی ناکامی ہے۔

(جاری ہے)

صدر اوباما کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ یورپی یونین کا ممبر ہونے سے برطانیہ کے خاص روابط مضبوط ہوئے۔

یورپی یونین سے علیحدہ ہونے یا نہ ہونے پر ریفرنڈم پر ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ یہ ہمارے فیصلہ ہے کسی اور کا نہیں ‘ یہ برطانیہ کی عوام کا خودمختار فیصلہ ہے تاہم جب ہم یہ فیصلہ کرنے جا رہے ہیں تو دوستوں کی رائے سننی چاہیے۔صدر اوباما نے کہا کہ برطانیہ کی صلاحیت نمایاں ہوتی ہے جب وہ یورپی یونین کو سمت دکھاتا ہے۔ امریکہ بشمول یورپی یونین میں برطانیہ کے اثر و رسوخ میں اضافہ دیکھنا چاہتا ہے ۔