برطانیہ کا مضبوط یورپی یونین میں اہم کردار ہے، امریکہ

ہفتہ 23 اپریل 2016 12:24

لندن، واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 اپریل۔2016ء) امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ یورپی یونین سے اگر برطانیہ نکل گیا تو برطانیہ امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدوں میں ’قطار کے سب سے آخر میں کھڑا‘ ہو گا۔اوباما نے کہا کہ برطانیہ کا مضبوط یورپی یونین میں اہم کردار ہے اور یورپی یونین کا ممبر رہتے ہوئے عالمی سطح پر برطانیہ ’اہم پلیئر‘ رہے گا۔

صدر اوباما نے یہ بات برطانیہ کے تین روزہ دورے کے آغاز پر کہی۔تاہم یورپی یونین چھوڑنے کے حق میں مہم چلانے والوں نے صدر اوباما پر تنقید کی۔ ٹوری کے ایم پی ڈومینک راب نے صدر اوباما کو ’لیم ڈک‘ صدر کہا۔راب نے کہا ’حقیقت یہ ہے کہ امریکہ ناکام ہو گیا ہے اور یورپی یونین کے ساتھ تجارتی معاہدہ حاصل نہ کر سکنا براک اوباما کی سب سے بڑی تجارتی ناکامی ہے۔

(جاری ہے)

صدر اوباما کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ یورپی یونین کا ممبر ہونے سے برطانیہ کے خاص روابط مضبوط ہوئے۔یورپی یونین سے علیحدہ ہونے یا نہ ہونے پر ریفرنڈم پر ڈیوڈ کیمرون نے کہا ’یہ ہمارے فیصلہ ہے کسی اور کا نہیں۔ یہ برطانیہ کی عوام کا خودمختار فیصلہ ہے۔ لیکن جب ہم یہ فیصلہ کرنے جا رہے ہیں تو دوستوں کی رائے سننی چاہیے۔‘صدر اوباما نے کہا ’برطانیہ کی صلاحیت نمایاں ہوتی ہے جب وہ یورپی یونین کو سمت دکھاتا ہے۔ امریکہ برطانیہ کے اثر و رسوخ میں اضافہ دیکھنا چاہتا ہے بشمول یورپی یونین میں۔