بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کو فوری طبی امداد مہیا کرنے کے لیے شہر میں 40 ایمرجنسی طبی سینٹر قائم کرکے 228 بستر مخصوص کردیئے

جمعہ 22 اپریل 2016 20:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اپریل۔2016ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کے علاج معالجہ اور فوری طبی امداد مہیا کرنے کی غرض سے شہر کے مختلف علاقوں میں 40 ایمرجنسی طبی سینٹر قائم کرکے 228 بستر مخصوص کئے گئے ہیں تاہم ضرورت پڑنے پر مزید بستروں کا انتظام کیا جائے گا، ان سینٹرز میں ادویات اور دیگر سہولیات سمیت تجربہ کار ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف بھی تعینات کردیا گیا ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے جمعہ کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے قائم کردہ ایمرجنسی طبی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ سال کے تجربہ کے باعث اس سال بہتر سے بہتر انتظامات کئے ہیں شہریوں کی تکلیف اور پریشانی کا احساس ہے ا س لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ایمرجنسی نافذ ہے تمام میڈیکل و پیرامیڈیکل اسٹاف اسپتالوں میں موجود ہیں ان سینٹرز میں وافر مقدار میں ادویات اور دیگر ضروری طبی سامان فراہم کیا جاچکا ہے بلدیہ عظمیٰ کراچی کسی بھی ایمرجنسی کیلئے پہلے سے تیار ہے انہوں نے کہا کہ اس پورے آپریشن کو اعلیٰ سطح پر مانیٹر کیا جارہا ہے میٹروپولیٹن کمشنر فوکل پرسن مقرر کئے گئے ہیں جبکہ سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز اس کی خود نگرانی کررہے ہیں اور میں بھی اسپتالوں کے دورے کے بعد انتظامات کا خود جائزہ لے رہا ہوں۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے وہ تمام اقدامات مکمل کرلئے ہیں جو ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کے علاج کیلئے ضروری ہیں ایمرجنسی میں مزید کسی بھی چیز کی ضرورت پڑی تو وہ بھی موجود ہے، انسانی جانوں کو بچانے کیلئے کوئی کوتاہی نہیں ہوگی، دریں اثناء بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز نے شہر میں 40 مراکز قائم کئے ہیں جہاں بلدیہ عظمیٰ کراچی نے 178 بستر اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز نے 50 بستروں کا انتظام کیا ہے ان 40 طبی مراکز میں عباسی شہید اسپتال میں 50 بستر، گذدرآباد اسپتال میں 10بستر، لانڈھی میڈیکل کمپلیکس میں 15 بستر، ایس آر ایس اسپتال میں 20 بستر، لیپروسی اسپتال میں 25 بستر، اسپنسر آئی اسپتال میں 12 بستر، سی ای سی شاہ فیصل میں 5 بستر، سی ای سی لانڈھی میں 6 بستر، کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں 10 بستر، ہومیوپیتھک اسپتال میں 5 بستر، گذری میٹرنٹی اسپتال میں 6 بستر، سوبھراج میٹرنٹی اسپتال میں 14 بستر اور پی ایچ سی سی لیاری شامل ہیں اس کے علاوہ ڈی ایم سیز کی حدود میں سولجر بازار میٹرنٹی اسپتال ، سندھی مسلم ایم سی ایچ سینٹر، میران پیر میٹرنٹی ہوم، ای ڈی ڈسپنسری، ای ایس این میٹرنٹی ہوم، محمود آباد ڈسپنسری، لیاقت آباد میٹرنٹی ہوم، اسٹاف کلینک لیاقت آباد نمبر 4، منگھوپیر میٹرنٹی ہوم، اولڈ گولیمار ڈسپنسری، حسرت موہانی میٹرنٹی ہوم، اورنگی میٹرنٹی ہوم، آر سی ایچ منگھوپیر میٹرنٹی ہوم، رزاق آباد میٹرنٹی ہوم، آسوگوٹھ میٹرنٹی ہوم نزد بکرا پیڑی، کورنگی میٹرنٹی ہوم، لانڈھی ساڑھے پانچ میٹرنٹی ہوم، لیاقت آباد مارکیٹ میٹرنٹی ہوم، ماڈل کالونی میٹرنٹی ہوم، کے ڈی اے پولی کلینک سوک سینٹر، الرازی ڈسپنسری، خواجہ غریب نواز ڈسپنسری، آصف آباد ڈسپنسری، رشید آباد ڈسپنسری، گوہر آباد ڈسپنسری گلبرگ اور عمر خان ڈسپنسری نیوکراچی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :