Live Updates

پاک سرزمین پارٹی نے تحریک انصاف کی وکٹ گرادی

پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی حفیظ الدین، مصطفی کمال کی جماعت میں شامل عمران خان چند نا تجربہ کار دوستوں میں گھر گئے ہیں ،اس سے تحریک انصاف کو بہت نقصان پہنچا، 2013 کے انتخابات میں جس حلقے میں تحریک انصاف کو 53ہزار ووٹ ملے ،وہاں ضمنی الیکشن میں امیدوار ہی میدان سے بھاگ گیا، حفیظ الدین کی پاک سرزمین پارٹی کے بانی کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعہ 22 اپریل 2016 20:29

پاک سرزمین پارٹی نے تحریک انصاف کی وکٹ گرادی

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 اپریل۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کے بعد پاک سرزمین پارٹی نے تحریک انصاف کی وکٹ گرادی ، پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی حفیظ الدین پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں اور انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان چند نا تجربہ کار دوستوں میں گھر گئے ہیں جس کی وجہ سے تحریک انصاف کو بہت نقصان پہنچا، جس حلقے میں 2013 کے انتخابات میں تحریک انصاف کو 53ہزار ووٹ ملے تھے وہاں ضمنی الیکشن میں امیدوار ہی میدان سے بھاگ گیا تھا۔

وہ جمعہ کو کراچی میں پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اسمبلیوں سے ہم کچھ نہیں کر سکتے،ہم تبدیلی کے راستے کو پاک سرزمین پارٹی کے زیر سایہ صحیح طور پر آگے بڑھائیں گے،میں تمام لوگوں کو پاک سرزمین پارٹی میں شرکت کا مشورہ دوں گا، جس پر مصطفی کمال نے حفیظ الدین کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

حفیظ الدین نے کہا کہ مصطفی کمال کراچی کے حالات بخوبی جانتے ہیں انہوں نے شہری معاملات میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تبدیلی کیلئے کراچی میں تحریک انصاف کو مضبوط کیا مگر عمران خان چند نا تجربہ کار دوستوں میں گھر گئے ہیں جس کی وجہ سے تحریک انصاف کو بہت نقصان پہنچا، جس حلقے میں 2013 کے انتخابات میں تحریک انصاف کو 53ہزار ووٹ ملے تھے وہاں ضمنی الیکشن میں امیدوار ہی میدان سے بھاگ گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن بانجھ ہے اس کی کوئی حیثیت نہیں ہے، مصطفی کمال نے پاکستان کی تقدیر بدلنے کا حقیقی سفر شروع کر دیا ہے، انہوں نے جو پاکستان کا جھنڈا اٹھایا ہے یہ ملک کی تقدیر بدلنے کا اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے 1970 میں ذوالفقار بھٹو کے ساتھ 70کلفٹن سے سیاست کا آغاز کیا تھا،میں تمام تحریکوں کا ساتھ دے چکا ہوں اور مسلم لیگ(ن) میں بھی رہا،مگر سب سے اچھی تحریک مصطفی کمال کی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات