زمین اور زمین میں چھپے بے شمار خزانے اﷲ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہیں ،صحیح مصرف ،حفاظت ہمارا فرض ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان

جمعہ 22 اپریل 2016 19:58

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اپریل۔2016ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے کہا ہے کہ زمین اور زمین میں چھپے بے شمار خزانے اﷲ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہیں جن کا صحیح مصرف اور حفاظت ہم انسانوں کا فرض ہے۔ عالمی ارتھ ڈے کے حوالے سے اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ قدرتی وسائل کے استعمال پر کوئی قدغن نہیں تاہم جنگلات، جنگلی، نباتاتی اور سمندری حیات کی بقاء اور تسلسل کو برقرار رکھنے کے لئے ان کے تحفظ اور افزائش کی بھی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح پانی اور دیگر معدنی ذخائر کے صحیح استعمال کو بھی یقینی بنایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ارتھ ڈے منانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہم زمین کے اوپر اور اس میں مدفن خزانوں کی اہمیت کو سمجھیں اور ان کی حفاظت کے لئے عوامی سطح پر شعور کو اجاگر کریں کیونکہ پانی ، ہوا اور زرعی وسمندری پیداوار کے بغیر انسانی بقاء کا تصور نہیں کیا جاسکتاہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں خاص طور سے بلوچستان کے سمندر، وسیع زرعی اراضی، مختلف موسموں، پہاڑوں، جنگلوں اور جنگلی حیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اﷲ تعالیٰ کی دی ہوئی ان نعمتوں کے تحفظ اور ان کے بہترین مصرف کو یقینی بنانے کے لئے جامع منصوبہ بندی کرے گی۔

متعلقہ عنوان :