اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات

حکمران اﷲ کی پکڑ میں ہیں، بار بار معجزے نہیں ہوتے ، اب بد دیانت اور نا اہل حکمرانوں کو جانا ہی ہوگا‘ پرویز الٰہی، میاں محمود الرشید حکومت احتساب کیلئے فوری اقدامات اٹھائے، چھو ٹو کے سرپرستوں، سہولت کاروں کیخلاف کاروائی کرے‘ اسمبلی میں قراردیں جمع

جمعہ 22 اپریل 2016 19:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اپریل۔2016ء ) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہی سے ملاقات،دونوں جماعتوں نے حکومت کیخلاف اسمبلی کے اندر اور باہرمشترکہ جدو جہد کر نے پر اتفاق کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہی سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

اس موقع پرڈپٹی اپوزیشن لیڈر سبطین خان اور ق لیگ کے پارلیمانی لیڈر سردار وقاص حسن موکل بھی ہمراہ تھے، ملاقات پنجاب کی مجموعی صورتحال اور پانا مہ لیکس، صوبے کو درپیش مسائل سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں دونوں جماعتوں نے حکومت کیخلاف اسمبلی کے اندر اور باہرمشترکہ جدو جہد کر نے پر اتفاق کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چودھری پرویز الہی اور میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ حکمران اﷲ کی پکڑ میں ہیں، بار بار معجزے نہیں ہوتے ، اب بد دیانت اور نا اہل حکمرانوں کو جانا ہی ہوگا۔

اپنے مشترکہ بیان میں انکا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے قوم کو مذاق سمجھ رکھا ہے، بار بار خطاب کی بجائے نواز شریف مستعفی ہوکرکرپشن کی تحقیقات ہونے دیں۔ قبل ازیں قائد حزب اختلاف میاں محمو دالرشید نے پنجاب اسمبلی میں دو الگ الگ قرار دادیں جمع کرائیں، پہلی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان آرمی چیف کے کرپشن کیخلاف اقدامات کو قدرکی کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کے عزم کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

آرمی چیف نے احتساب کے عمل کو اپنے ادارے سے شروع کر کے ایک مثال قائم کر دی ہے۔ لہذا یہ ایوان وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ ہر سطح پر بے لاگ احتساب کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ دوسری قرارداد میں چھو ٹو گینگ کے اراکین کی گرفتاری پر فوج، رینجرز اور پولیس کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ قرارداد میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ چھوٹو گینگ سے تفتیش کے بعد اصل حقائق کو عوام کے سامنے لایا جائے اور گینگ کے سرپرستوں اور سہولت کارورں کو بھی قرار واقعی سزا دی جائے۔