وزیراعلیٰ پنجاب سے اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے پر کام کرنے والی چین کی معروف کمپنی نورینکو کے اعلیٰ سطح کے وفدکی ملاقات

چینی کمپنی کے نائب صدر کا منصوبے کے سول ورکس پر ہونیوالی پیشرفت پر اظہار اطمینان، مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی یقین دہانی شہباز شریف کی توقعات اور امیدوں پر پورا اترتے ہوئے میٹروٹرین کے منصوبے کو تیز ی سے آگے بڑھائیں گے‘نائب صدر نورینکو

جمعہ 22 اپریل 2016 19:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اپریل۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے پر کام کرنے والی چین کی معروف کمپنی نورینکوکے نائب صدرژو پنگفی کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفدنے ملاقات کی جس میں لاہوراورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے سول ورکس پر ہونے والی پیش رفت پر تفصیل تبادلہ خیال ہوا-چینی کمپنی کے نائب صدر نے منصوبے کے سول ورکس پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی-وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ پاک چین دوستی ، محبت او رخلوص کا غیر معمولی تحفہ ہے - چین کے صدر ، وزیر اعظم اور حکومت نے یہ تحفہ پاکستان خصوصا لاہور کے عوام کو دیا ہے -پاکستان کے عوام چین کے اس عظیم تحفے کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے- منصوبے کے سول ورکس پر اعلی معیار کا کام کیا جا رہا ہے -انہوں نے کہا کہ میٹروٹرین کا منصوبہ فن تعمیر ، شفافیت اور اعلی معیار کا عظیم شاہکار ہو گا - میٹروٹرین کا منصوبہ عام آدمی کو عالمی معیار کی جدید ، تیز رفتار اور باکفایت سفری سہولتوں کی فراہمی کے لئے ایک گیم چینجرثابت ہو گا- وزیر اعلی نے کہا کہ میٹروٹرین کے منصوبے کے سول ورکس پر دن رات کام جاری ہے اورسول ورکس کا کام مقررہ مدت سے قبل مکمل کر لیا جائے گا- انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال رشتوں میں بندھی ہوئی ہے اورچین نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے - نائب صدر چینی کمپنی نورینکوژو پنگفی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کریں گے اورمنصوبے کی بروقت تکمیل میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے -انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف کی توقعات اور امیدوں پر پورا اترتے ہوئے میٹروٹرین کے منصوبے کو تیز ی سے آگے بڑھائیں گے -چین کے قونصل جنرل یو بورن، خواجہ احمد حسان، ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، ایم ڈی نیسپاک ، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔