پرسٹن یونیورسٹی میں سالانہ تقریبات کے سلسلے سپرنگ سپلیش 2016ء میں انٹر یونیورسٹی مقابلہ ٗ حمیرا ارشد مہمان خصوصی تھیں

ریڈیو، ٹی وی اور اسٹیج کے مقامی فنکاروں محمودہ قمر، اظہر جعفری اور گل محمد نے مقابلہ موسیقی کے ججز کے فرائض انجام دیئے مہمان خصوصی حمیرا ارشد نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے

جمعہ 22 اپریل 2016 19:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اپریل۔2016ء) پرسٹن یونیورسٹی میں سالانہ تقریبات کے سلسلے سپرنگ سپلیش 2016ء میں گزشتہ روز انٹر یونیورسٹی مقابلہ موسیقی منعقد ہوا۔ معروف گلوکارہ حمیرا ارشد اس موقع پر مہمان خصوصی تھیں۔ ریڈیو، ٹی وی اور اسٹیج کے مقامی فنکاروں محمودہ قمر، اظہر جعفری اور گل محمد نے مقابلہ موسیقی کے ججز کے فرائض انجام دیئے۔

قومی نغمے اور گانے سنانے کا یہ مقابلہ دو حصوں میں تقسیم کیا گیا جو طلباء اور طالبات کی الگ الگ کیٹیگریز پر مشتمل تھا۔ مقابلہ موسیقی میں قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد، انسٹیٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی، ایئر یونیورسٹی، اباسین یونیورسٹی، پرسٹن انسٹیٹیوٹ آف نینو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور پرسٹن یونیورسٹی کے اسلام آباد، لاہور اور کوہاٹ کیمسز کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

مقابلے میں حصہ لینے والے نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر کے حاضرین کو محظوظ کیا اور داد حاصل کی۔ مہمان خصوصی حمیرا ارشد اور مقابلے کے ججز نے مقابلہ موسیقی میں حصہ لینے والے طلباء و طالبات کی فنکارانہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔ نتائج کے مطابق طالبات کی کیٹیگری میں پرسٹن انسٹیٹیوٹ آف نینو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد کی طالبہ مس ٹیکلا نے پہلی پوزیشن حاصل کی ٗ ایئر یونیورسٹی کی طالبہ طوبیٰ شمس نے دوسری اور پرسٹن یونیورسٹی کی مہر انجم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

مقابلہ موسیقی میں طلباء کی کیٹیگری کے نتائج کے مطابق پرسٹن انسٹیٹیوٹ آف نینو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے طالب علم احسان اﷲ نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ اباسین یونیورسٹی کے چوہدری اسد نے دوسری اور ایئر یونیورسٹی کے ایم جلیل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مہمان خصوصی حمیرا ارشد نے اپنے مختصر خطاب میں طلبہ و طالبات کی صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہماری نوجوان نسل خداداد صلاحیتوں سے مالا مال ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقابلے میں حصہ لینے والے تمام طلبہ و طالبات نے بہترین گانے گائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان بڑے ہو کر ملک کے معروف گلوکار بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقابلے میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ مقابلہ موسیقی کے ججز نے بھی طلبہ و طالبات کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔ پرسٹن یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عبدالباسط نے انعامات حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد پیش کی۔ مہمان خصوصی حمیرا ارشد نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :