کاروباری مراکز میں سیکورٹی انتظامات کو بہتر کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائینگے، طارق مسعود یاسین

جمعہ 22 اپریل 2016 16:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اپریل۔2016ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے چیمبر کے صدر عاطف اکرام شیخ کی قیادت میں اسلام آباد پولیس کے نئے تعینات ہونے والے انسپکٹر جنرل طارق مسعود یاسین سے ملاقات کی اور ان کو نیا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ وفد نے آئی جی پولیس اسلام آباد پولیس کو تاجر برادری کو درپیش سکیورٹی مسائل سے بھی آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے متعدد تجاویز پیش کیں۔

وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل طارق مسعود یاسین نے کہا کہ تاجر برادری کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر اسلام آباد شہر کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے لہذا مارکیٹوں، کاروباری مراکز اور صنعتی علاقوں میں سکیورٹی کے انتظامات کو مزید بہتر کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے تا کہ بزنس کمیونٹی محفوظ ماحول میں کاروبار ی سرگرمیوں کو فروغ دے سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس مصالحتی کمیٹیوں میں تاجر برادری کو مناسب نمائندگی دینے کیلئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا تا کہ مشترکہ کوششوں سے وفاقی دارالخلافہ میں امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنایا جا سکے۔ آئی جی پولیس اسلام آباد نے کہا کہ محکمہ پولیس، تاجر برادری اور شہریوں کے درمیان مضبوط روابط کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ مشاورت سے سکیورٹی مسائل کو موثر طور پر حل کیا جائے جس سے شہریوں کو بہتر تحفظ فراہم ہو گا اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سازگار ماحول قائم ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مارکیٹ یونینز اپنی اپنی مارکیٹوں میں سیکورٹی کیمرے نصب کرنے کی کوشش کریں تو اس سے پولیس کو جرائم پر قابو پانے میں کافی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے درمیان باقاعدگی سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے تا کہ باہمی مشاورت سے کاروباری مراکز، صنعتی علاقوں اور شہر میں سکیورٹی انتظامات کو بہتر کرنے کیلئے متفقہ حکمت عملی وضع کی جائے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ اسلام آباد پولیس تاجر برادری کو کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے طارق مسعود یاسین کو اسلام آباد پولیس کا انسپکٹر جنرل تعینات ہونے پر مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ وفاقی دارالخلافہ میں سکیورٹی کی صورت حال کو مزید بہتر کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے بہتر فروغ کیلئے پرامن ماحول بنیادی شرط ہے لہذا اس مقصد کے حصول کیلئے تمام ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری مراکز اور صنعتی علاقوں میں پولیس کی نفری بڑھانے سے تاجروں و صنعتکاروں میں بہتر تحفظ کا احساس پیدا ہو گا اور وہ زیادہ اعتماد کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے سکیں گے۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ مارکیٹوں، تجارتی مراکز اور صنعتی علاقوں سمیت دیگر حساس مقامات پر سکیورٹی کی جدید ٹیکنالوجی و آلات کو استعمال میں لا کر سکیورٹی مسائل کو موثر طور پر حل کیا جا سکتا ہے لہذا اس طرف بہتر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس مصالحتی کمیٹیوں میں تاجر برادری کو مناسب نمائندگی دی جائے جس سے جرائم پر قابو پانے اور امن و امان کی صورت حال کو بہتر کرنے کی طرف مثبت پیشرفت ہو گی۔

فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین خالد جاوید، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر شیخ عبدالوحید، طارق صادق، خالد اقبال ملک، ظفر بختاوری، محمد اعجاز عباسی، شیخ عامر وحید، محمود احمد وڑائچ ، محمد اشفاق حسین چٹھہ اور سیف الرحمان سمیت دیگر اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے وفد میں شامل تھے۔