آئی جی پنجاب کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں دائر توہین عدالت کی درخواستوں کی تعداد 106ہو گئی

جمعہ 22 اپریل 2016 16:09

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اپریل۔2016ء ) پنجاب پولیس کے سربراہ مشتاق سکھیرا کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں دائر توہین عدالت کی درخواستوں کی تعداد 106ہو گئی ۔ گزشتہ روز لاہو رہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان نے عبد العباس نامی شہری کی درخواست پر سماعت کی ۔ جس نے موقف اختیار کیا کہ فیصل آباد میں اس کے بھائی کو رکن قومی اسمبلی کی ایماء پر اغواء کیا گیا ۔

(جاری ہے)

مقدمہ درج نہ ہونے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا جس پر لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی کو درخواست پرفیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالتی حکم کے باوجود سن کر درخواست پر فیصلہ نہیں کیا گیا ۔ درخواست گزار نے استدعا کہ آئی جی پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ فاضل عدالت نے آئی جی پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 29اپریل تک جواب طلب کر لیا ۔