Live Updates

تحریک انصاف کا بیسواں یوم تاسیس پرسوںمنایا جائے گا،مرکزی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہو گی

کارکن قافلوں کی صورت میں اسلام آباد پہنچیں گے،عمران خان پانامہ لیکس کے معاملے پرآئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے

جمعہ 22 اپریل 2016 16:09

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کا بیسواں یوم تاسیس 24اپریل بروز ( اتوار) کو منایا جائے گا ۔اس سلسلہ کی مرکزی تقریب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہو گی جس میں ملک بھر سے کارکن شریک ہوں گے ۔ مرکزی تقریب سے پارٹی سربراہ عمران خان خطاب کرینگے اور پانامہ لیکس کے معاملے پر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔

تحریک انصاف کے یوم تاسیس کے سلسلہ میں ملک بھر میں تقریبات منعقد ہوں گی جس میں پارٹی کی بیسویں سالگرہ کے کیک کاٹے جائیں گے اور عمران خان کی درازی عمر اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعائیں مانگی جائیں گی ۔ بتایا گیا ہے کہ پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے یوم تاسیس کی مرکزی تقریب میں شرکت اور روانگی کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دیدی ہے ۔

(جاری ہے)

لاہور سے کارکنوں کے قافلے بسوں اور جبکہ رہنما اپنی اپنی گاڑیوں میں اتوار کی صبح روانہ ہوں گے جبکہ خیبر پختوانخواہ سے قافلے دوپہر کے وقت اسلام آباد کے لئے روانہ ہوں گے ۔ جبکہ دور کی مسافت والے علاقوں سے بھی دیرینہ کارکن مرکزی تقریب میں شریک ہوں گے جو آج ہفتہ کو اسلام آباد کیلئے روانہ ہوں گے اوراتوار کے روز یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کر کے اپنے قائد کا خطاب سنیں گے۔

ذرائع کے مطابق پانامہ لیکس کے حوالے سے مزید معلومات اکٹھی کرنے کے لئے انٹر نیٹ پر ریسرچ بھی کی جارہی ہے اور عمران خان اپنے خطاب میں ان دستاویزات کا حوالہ دیں گے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے پانامہ لیکس کے معاملے پر آئندہ کالائحہ عمل دینے کیلئے اپنے قریبی ساتھیوں سے مشاورت شروع کر رکھی ہے اور جلسے سے کچھ دیر قبل اسے حتمی شکل دی جائے گی اور جلسے میں اس کا اعلان کر دیا جائے گا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات