سکلڈ لیبر مارکیٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت25105کمپنیوں کو رجسٹرڈ کر دیا گیا

جمعہ 22 اپریل 2016 14:30

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اپریل۔2016ء) چیئر پرسن ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) عرفان قیصر شیخ نے کہا ہے کہ سکلڈ لیبر مارکیٹ انفارمیشن سسٹم(ایس ایل ایم آئی ایس) کے تحت25105کمپنیوں کو رجسٹرڈ کر دیا گیا ہے،ٹیوٹا کی جانب سے شروع کئے گئے سکلڈ لیبر مارکیٹ انفارمیشن سسٹم میں ٹیوٹا اداروں کے فارغ التحصیل نوجوان اور انڈسٹری فری رجسٹریشن کروا سکتے ہیں تاکہ بیروزگاروں کو روزگار کے مواقع ڈھونڈنے اور ملازمت حاصل کرنے میں آسانی ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزٹیوٹاسیکرٹریٹ میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی اور دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ سکلڈ لیبر مارکیٹ انفارمیشن سسٹم کا آغاز فروری 2016سے کر دیا گیاہے۔

(جاری ہے)

ٹیوٹا کے ایس ایل ایم آئی ایس کو ملک سطح پر خاصی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔اس ویب سائٹ پر2لاکھ37ہزار524نوجوانوں کے سی وی اور پروفائل اپ لوڈ ہو چکے ہیں اور انڈسٹری مالکان بھی خالی اسامیوں کی انفارمیشن اس سسٹم پر دے رہے ہیں۔

اس مقبول ہوتی ہوئی ویب سائٹ پر 400سے 500نوکریاں دستیاب رہتی ہیں اور یہ تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزیدکہا کہ ایس ایل ایم آئی ایس پنجاب لیبر مارکیٹ انفارمیشن ، مختلف شعبوں میں ہنر مند افراد کی دستیابی ، ٹیوٹا کے فارغ التحصیل نوجوانوں کی معلومات اور انڈسٹری میں خالی اسامیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ویب پورٹل پر اقتصادی اعدادو شمارکے علاوہ روزگار اور بیروزگاری کی شرح کے بارے میں بھی معلومات میسر ہونگی۔ ان اقدامات سے بے روزگاری کی شرح میں کمی اور غربت کے خاتمے میں کمی کے علاوہ ملکی معاشی ترقی میں ہنر مند افرادی قوت کو اپنا کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔