وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا سری لنکن ہم منصب سگالا رتنا نائیکے کو دورے کی دعوت

جمعہ 22 اپریل 2016 12:04

نیو یارک۔ 22 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سری لنکا کے وزیر داخلہ سگالا رتنا نائیکے کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی ہے۔ سری لنکن وزیر داخلہ کے دورے کا مقصد دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔پاکستان اور سری لنکا کے وزیر داخلہ کی اہم ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خصوصی اجلاس کے موقع پر ہوئی ۔

یہ اجلاس دنیا میں منشیات کے جرائم کے خاتمے کے لئے عالمی حکمت عملی وضع کرنے کے لئے بلایا گیا ہے۔اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر قیادت ایک 7رکنی وفد نے کی۔ جس میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی خصوصی مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی ‘ وفاقی سیکرٹری انسداد منشیات ڈویژن اعجاز علی شاہ ‘ ڈائریکٹر جنرل انٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل ناصر دلاور اوردیگر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سری لنکن وزیر داخلہ نے چوہدری نثار علی خان کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران انہیں سری لنکن حکومت کی جانب سے پاکستان کے لئے نیک تمناؤں کا پیغام دیا اور دونوں ملکوں کے مابین برادرانہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔ملاقات کے دوران چوہدری نثار علی خان نے اپنے سری لنکن ہم منصب سے دونوں ملکوں کے درمیان انسداد منشیات کے تعاون کے لئے مشترکہ پالیسی وضح کرنے اور اقدامات پر زور دیا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اس خصوصی اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے منشیات کے خاتمے کے لئے پاکستان کی حکمت عملی کے بارے پالیسی بیان دیا اور وفد کے دیگر اراکین نے دیگر عالمی وفود سے اس موضوع پر اہم ملاقاتیں کیں۔