پورٹ قاسم اتھارٹی کے مزدوروں کو کسی صورت بے روز گار نہیں ہو نے دیا جا ئیگا،حافظ نعیم الرحمن

چیئر مین مزدوروں کے مسائل حل کر یں،برتھوں کو فروخت کر نے یا کنٹریکٹ پر نہیں دینے دیا جائے گا،امیر جماعت اسلامی کراچی

جمعرات 21 اپریل 2016 22:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 اپریل۔2016ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پورٹ قاسم اتھارٹی کے مزدوروں کو کسی صورت میں بھی بے روز گار نہیں ہو نے دیا جا ئے گا ۔چیئر مین پورٹ قاسم اتھارٹی مزدوروں کے مسائل حل کر یں ۔پورٹ قاسم کی برتھوں کو فروخت کر نے یا کنٹریکٹ پر نہیں دینے دیا جائے گا۔جماعت اسلامی پورٹ قاسم کے مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں بھی آواز اُٹھائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پورٹ قاسم پر ڈاک ورکرز کے ملازمین کے احتجاجی دھر نے سے خطاب کیا ۔ملازمین کے دھر نے کا آج گیارہواں دن تھا۔ملازمین نے پورٹ قاسم کی برتھوں کو فروخت کر نے کی کوششوں اور مزدوروں کو بے روز گار کر نے کے خلاف دھر نا دیا ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں حافظ نعیم الرحمن ملازمین کے دھر نے میں شر کت کیلئے پہنچے تو ڈاک ورکرز سی بی اے یونین کے عہدیداران لالہ محمد ایوب ،حاجی محمد خان اور دیگر نے ان کا استقبال کیا اور ان کی آمد کا خیر مقدم کر تے ہوئے شکریہ ادا کیا ۔

دھر نے سے یونین کے عہدیداران ،امیر جماعت اسلامی زون گلشن حدید مولانا ضیا ء الرحمن فاروقی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔اس مو قع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،این ایل ایف کراچی کے صدر خا لد خان اور دیگر بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے دھر نے سے خطاب کر تے ہوئے ملازمین کے ساتھ بھر پور اظہار ِ یکجہتی کیا اور ان کے مطالبات کی حمایت کر تے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ملازمین نے جدو جہد ،مزاحمت اور میدان ِ عمل میں کھڑے رہنے کا راستہ اختیار کیا ہے جو انشا ء اﷲ کامیابی سے ہمکنار ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ حکمران مزدوروں کی محنت اور خون پسینے کی کمائی سے اپنے محلات بنائے ہیں ۔قومی دولت اور خزانے کولوٹ کر بیرونِ ملک منتقل کر تے ہیں ۔غریب عوام اور مزدوروں کی حالتِ زار آج تک نہیں بدلی ۔مزدور اور محنت کش سوال کر تے ہیں کہ حکمرانوں کے پاس اتنی دولت کہاں سے آئی ہے اور یہ لندن میں اپنی جائیدادیں کیسے بنا تے ہیں ۔؟ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی قیادت کا دامن کرپشن سے پاک ہے اور امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے سب سے پہلے خود کو اور جماعت اسلامی کے تمام ارکانِ پارلیمنٹ کو احتساب کے لیے پیش کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم مزدوروں کا دُکھ اور درد سمجھتے ہیں اور جانتے ہیں کہ غریب عوام کے مسائل کیا ہیں ۔جماعت اسلامی کی قیادت ہی غریب عوام کے مسائل حل کر نے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس بڑے بڑے مادی و سائل ہیں لیکن کرپشن کی وجہ سے ملک کا بچہ بچہ قرضوں میں جکڑا ہو ا ہے ۔مزدوروں کا حق چھینا جا رہا ہے ۔حکمران قومی اداروں کی نج کاری کرکے مزدوروں کو بے روز گار کر نا چاہتے ہیں ۔

حکمران اپنے علاج کے لیے بھی بیرونِ ملک جاتے ہیں اور غریب کو دو وقت کی روٹی تک آسانی سے نہیں مل پاتی ۔لالہ محمد ایوب خان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے اس احتجاجی دھر نے سے پہلے بھی جب مزدوروں اور ملازمین نے اپنے حق کے لیے آواز اُٹھائی تھی اور جیل میں گئے تھے اس وقت بھی حافظ نعیم الرحمن نے ہمارا ساتھ دیا تھا۔ حاجی محمد خان نے کہا کہ ہم جماعت اسلامی کی جرأت مند اور دیانت دار قیادت پر اعتماد کر تے ہیں ۔ہماری ان سے اپیل ہے کہ پورٹ قاسم اتھارٹی کے مسائل کے لیے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں تحریک التواء پیش کریں ۔

متعلقہ عنوان :