جماعت اسلامی حلقہ خواتین کا کرپشن فری بلوچستان مہم کے سلسلے میں احتجاجی مظاہرہ

ملک وقوم کودرپیش مشکلات کی پہلی وجہ بے تحاشہ کرپشن ہے، جس نے ملکی بنیادیں کھوکھلی کردی ہیں، مولاناعبدالحق ہاشمی

جمعرات 21 اپریل 2016 22:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 اپریل۔2016ء ) جماعت اسلامی حلقہ خواتین بلوچستان کی جانب سے کرپشن فری بلوچستان مہم کے سلسلے میں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا جس کے شرکاء نے پلے کارڈز اوربینرزاٹھارکھے تھے جن پرکرپشن فری بلوچستان اور کرپشن فری پاکستان سے متعلق نعرے درج تھے اس موقع پر مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرہوئے جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولاناعبدالحق ہاشمی ودیگر کاکہناتھاکہ ملک وقوم کودرپیش مشکلات کی پہلی اورخاص وجہ بے تحاشہ کرپشن ہے جس نے ملکی بنیادیں کھوکھلی کردی ہے اسی لئے جماعت اسلامی نے اس سلسلے میں عوام کو شعور وآگاہی دینے کیلئے کرپشن فری مہم کا ملک بھر میں آغاز کردیاہے اس وقت ملکی چاروں اکائیوں میں کرپشن فری مہم کاسلسلہ جاری ہے جس کے دوران کانفرنسز سمینار،پریس کانفرنسز اوردیگر کے ذریعے عوام کوکرپشن سے متعلق آگاہی دینے کی کوششیں جاری ہے مقررین نے کہاکہ چیف آف آرمی سٹاف کی جانب سے کرپشن میں ملوث فوجی آفیسران کی برطرفی کافیصلہ احسن اقدام ہے حکومت بھی ان کی نقش قدم پرچلتے ہوئے کرپشن میں ملوث حکمرانوں اوردیگر کیخلاف کارروائی عمل میں لائے ان کاکہناتھاکہ کرپشن کی ناسور کے خاتمے کیلئے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کواپناکرداراداکرناہوگا ۔

(جاری ہے)

مظاہرے کے شرکاء اس موقع پر کہناتھاکہ اسلام کے نام پربننے والے ملک کوکرپشن سے پاک کئے بغیر کوئی چارہ نہیں اس سلسلے میں مرد وخواتین کو میدان عمل میں نکلنا ہوگا انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی خواتین ونگ کی جانب سے تعلیمی اداروں وجامعات میں کرپشن کے متعلق تحریری وتقریری مقابلوں کے انعقاد سمیت واکس کابھی اہتمام کیاجارہاہے تاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ آگاہی حاصل ہو۔