پاکستان پیپلزپارٹی کاآرمی چیف کی جانب سے کرپشن میں ملوث اعلی افسران کے خلاف کارروائی کا خیرمقدم

فوج میں احتساب کا مضبوط اور منظم نظام قائم ہے، اعلی فوجی افسران کے خلاف کارروائی کوئی نہیں بات نہیں ہے،میر اعجاز حسین جکھرانی،عمران ظفر لغاری ودیگر کا بیان

جمعرات 21 اپریل 2016 22:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 اپریل۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی میر اعجاز حسین جکھرانی،عمران ظفر لغاری اور نذیر احمد بگھیونے اپنے کرپشن میں ملوث اعلی افسران کے خلاف کارروائی کرنے پر پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی تعریف کی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ فوج میں احتساب کا مضبوط اور منظم نظام قائم ہے اور اعلی فوجی افسران کے خلاف کارروائی کوئی نئی بات نہیں ہے، تاہم یہ ضرور ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں پہلی بار منظر عام پر آرہی ہیں جس سے عوام میں مثبت تاثر پیدا ہورہا ہے۔

اعلی فوجی افسران کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کو سامنے رکھتے ہوئے انھوں نے ن لیگ کی حکومت پر زور دیا ہے کہ آرمی چیف کے اقدامات کو سامنے رکھتے ہوئے احتساب کے لیے قائم ادارے کو منظم انداز میں متحرک کیا جائے کیونکہ آج پورے ملک سے ہر شعبے میں احتساب کا مطالبہ سامنے آرہا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ احتساب کیلئے ادارہ قائم ضرور ہے مگر احتساب صرف اور صرف پاکستان پیپلز پارٹی کا ہی کیا جاتا ہے ۔

پیپلز پارٹی مدتوں سے احتسابی عمل کا شکار ہے 3برس میں احتساب کے نام پر صرف اور صرف پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ کا احتساب ہورہا ہے جس سے سندھ میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ن لیگ کی وفاقی حکومت سے بارہا مطالبہ کر چکی ہے کہ احتسابی عمل کو شفاف بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ جس طرز پر فوج میں احتسابی عمل جاری رہتا ہے اسی طرز پر عدلیہ میں بھی یہ ادارہ قائم کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر صاف وشفاف تحقیقات ہونی چاہئے، تاکہ کوئی بھی احتساب سے نہ بچ سکے،تاکہ کرپشن سے پاک معاشرہ کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :