بلدیاتی انتخابی عمل کو مکمل کرنا الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت کا فرض ہے، کراچی سمیت سندھ بھر میں بلدیاتی انتخابی عمل سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق مکمل کیا جائے،ایم کیو ایم کے نامزد مئیر وسیم اخترکی صوبائی الیکشن کمشنر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعرات 21 اپریل 2016 22:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 اپریل۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے جمعرات کو ایم کیو ایم کے نامزد مئیر وسیم اختر کی سربراہی میں صوبائی الیکشن کمشنر سندھ تنویر ذکی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں بلدیاتی انتخابی عمل سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق مکمل کیا جائے اور اس میں مزید تاخیر نہ کی جائے،وسیم اختر نے کہا کہ انہوں نے الیکشن کمیشن سے کہا ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابی عمل پورا کرنے کے لئے سندھ حکومت کو یاد دہانی کراتا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کے حوالے سے جلد سندھ اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے گا، بلدیاتی نمائندوں کو آئین کے مطابق اختیارات حاصل ہونے چاہئیے۔