اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے یوم تاسیس پر ایف نائن پارک میں جلسہ کی اجازت دینے کے حوالے سے درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا

جمعرات 21 اپریل 2016 22:03

اسلام آباد ۔ 21 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 اپریل۔2016ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے یوم تاسیس کے موقع پر ایف نائن پارک میں جلسہ کرنے کی اجازت دینے کے حوالے سے درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ پی ٹی آئی کے یوم تاسیس کے موقع پر 24 اپریل کو ایف نائن پارک میں انتظامیہ کی طرف سے اجازت دینے کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق نے کی۔

شہری وحید محمود خان کی جانب سے یاسر محمود چوہدری ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ تفریحی مقامات کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ ایف نائن پارک شہریوں کی تفریح کے لئے بنایا گیا ،اگر تفریحی مقامات پر جلسے جلوس کی اجازت ملتی رہی تو یہ سیاسی مقامات بن جائیں گے۔

(جاری ہے)

ایف نائن پارک میں روزانہ کی بنیاد پر خواتین سمیت بچے ، بڑے اور بوڑھے تفریح کے لئے آتے ہیں۔

ماضی میں ڈی چوک پر ہونے والے دھرنوں سے شہری پہلے ہی ذہنی طور پر پریشان رہے۔ لہٰذا 24 اپریل کو ایف نائن پارک میں تحریک انصاف کے جلسے کو روکا جائے اور شہر سے باہر اس جلسے کو منعقد کرنے کی ہدایت کی جائے تا کہ شہریوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس پر جسٹس عامر فاروق نے ان سے استفسار کیا کہ کیا آپ کے پاس اجازت نامے کی کاپی موجود ہے تو درخواست گزار کے وکیل نے بعض اخباری تراشے پیش کئے جس پر فاضل جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ اجازت نامہ کی کاپی کی غیر موجودگی میں کس طرح عدالت نوٹس جاری کر سکتی ہے؟ بعد ازاں فاضل عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔