اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جنرل سیکرٹری کی نشست کے لئے دوبارہ انتخابات کرانے کی درخواست کی سماعت 25 اپریل تک ملتوی

جمعرات 21 اپریل 2016 22:00

اسلام آباد ۔ 21 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 اپریل۔2016ء) عدالت عالیہ اسلام آباد نے اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جنرل سیکرٹری کی نشست کے لئے دوبارہ انتخابات کرانے کی درخواست کی سماعت 25 اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔ درخواست گزار عامر عبداللہ عباسی ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ الیکشن کی رات 93 وکلاء کے نام ووٹر لسٹ میں شامل کرائے گئے جو قانونی اور آئینی اعتبار سے درست نہیں اور یہ پری پول دھاندلی کے زمرے میں آتا ہے ، اس اقدام کی وجہ سے سائل کے مدمقابل امیدوار وقاص ملک 72 ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہو گئے۔

یہ درخواست کسی فرد کے خلاف نہیں بلکہ قانون کی حکمرانی اور بار جیسے جمہوری ادارے کی سربلندی کے لئے دائر کی ہے تاکہ آئندہ بار کے انتخابات کو شفاف اور منصفانہ بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

سماعت کے موقع پر درخواست گزار عامر عبداللہ عباسی ایڈووکیٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق کے روبرو موقف اپنایا کہ رول کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات برائے 2016-17ء کے لئے 27 دسمبر 2015ء تک ووٹر لسٹ جاری ہونا تھی جو 22 دسمبر کو ہی جاری کر دی گئی۔

3 فروری 2016ء کو چیئرمین الیکشن کمیٹی نے انتخابی شیڈول جاری کیا اور 15 فروری کو حتمی ووٹر لسٹ جاری کی حالانکہ سالانہ واجبات کی ادائیگی کی آخری تاریخ 21 دسمبر تھی اور 22 دسمبر کو اہل ووٹرز کی لسٹ جاری کی جا چکی تھی۔ سائل نے بطور امیدوار جنرل سیکرٹری اسی لسٹ کے مطابق اپنی مہم چلائی اور ووٹر لسٹ میں شامل وکلاء تک رسائی کی۔ چیئرمین الیکشن کمیٹی نے 26 فروری 2016ء کو اسلام آباد بار کونسل کی ہدایت پر 49 اور 44 ناموں کی اضافی فہرستیں جاری کیں اور انہیں بھی اہل ووٹر قرار دیا نتیجتاً 27 فروری کو منعقدہ بار کے سالانہ انتخابات میں ان اجنبی افراد کو بھی بیلٹ پیپر جاری کئے گئے جن کے نام حتمی ووٹر لسٹ میں شامل ہی نہیں تھے۔

سائل کے ایجنٹس کے اعتراض پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ ان افراد کو وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل اور اسلام آباد بار کونسل کی ہدایت پر بیلٹ پیپر جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منظم دھاندلی کے ذریعے سائل کو بار کے انتخابات میں ہرایا گیا ، لہٰذا جنرل سیکرٹری کی نشست پر دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیا جائے۔ اس موقع پر وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل کی جانب سے شعیب شاہین ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور عدالت سے استدعا کی کہ یہ معاملہ ہمیں ریفر کیا جائے۔

اس پر درخواست گزار عامر عبداللہ عباسی ایڈووکیٹ نے کہا کہ وائس چیئرمین کے احکامات کے خلاف ہی اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا ہے ، چیئرمین اپیل تھارٹی اسی کی ذیلی کمیٹی ہے ایسی صورت میں ہم وہاں اپیل نہیں کر سکتے۔ فریقین کے دلائل جاری تھے کہ عدالت نے مزید سماعت 25 اپریل تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :