نیب نے نجکاری کمیشن کے ٹرسٹ انویسٹمنٹ بینک میں ڈوبے 500ملین میں سے 198.8ملین روپے منافع سمیت وصو ل کرلئے

قمرزمان چوہدری بلاامتیاز احتساب کے فارمولے پر عمل پیرا ہیں، نیب کو آزاداورخودمختار ادارہ بناکر قومی خزانے سے لوٹی رقوم کو واپس جمع کروایا جارہاہے، ذرائع

جمعرات 21 اپریل 2016 21:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 اپریل۔2016ء) قومی احتساب بیورو (نیب )نے پرائیوٹائزیشن کمیشن کے ٹرسٹ انویسٹمنٹ بینک میں ڈوبے ہوئے 500ملین روپے198.8ملین روپے کے منافع کے ساتھ وصول کرلئے ۔چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری بلاامتیاز احتساب کے فارمولے پر عمل پیرا ہیں اور نیب کو آزاداورخودمختار ادارہ بناکر قومی خزانے سے لوٹی ہوئی رقوم کو واپس جمع کروایا جارہاہے۔

ذرائع کے مطابق سال 2010میں پرائیوٹائزیشن کی انتظامیہ نے ٹرسٹ انویسٹمنٹ بینک میں غیرقانونی طورپر300ملین اور200ملین روپے کی الگ الگ سرمایہ کاری کی،بعد ازاں پرائیوٹایزیشن کمیشن کی نئی انتظامیہ نے ٹرسٹ انویسٹمنٹ بینک کورقم کی ریکوری کے لئے نوٹسز جاری کئے لیکن بینک نے رقم واپس نہ کی، جس پر پرائیوٹائزیشن کمیشن نے معاملہ ایف آئی اے کے سپرد کردیا،ایف آئی اے کی مداخلت پر ٹرسٹ انویسٹمنٹ بینک نے پرائیوٹایزیشن کو رقم کی واپسی کے چیک دیئے جو کیش نہ ہوسکے جس پر یہ کیس سال2013میں نیب کے سپرد کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نیب کے تفتیش کاروں نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے انکوائری شروع کی تو ٹرسٹ انویسٹمنٹ بینک کی انتظامیہ نے سیٹلمنٹ کی درخواست کی اور 270ملین روپے واپس کرنے کا کہا ،نیب کی طرف سے یہ درخواست مسترد کردی گئی ۔ذرائع کے مطابق کیس کے مرکزی ملزم آصف کمال اور ٹرسٹ انویسٹمنٹ بینک کی انتظامیہ نے نیب کو رضاکارانہ واپسی کی درخواست دی ،جس میں کہا گیا کہ وہ پرائیوٹائزیشن کمیشن کی 500ملین کی رقم واپس کرنا چاہتے ہیں۔

درخواست میں بتایا گیا ہے کہ بینک کی طرف سے پرائیوٹائزیشن کمیشن کو230ملین روپے کی رقم 60ملین منافع کے ساتھ اداکردی گئی ہے اور بقایا270ملین کی اصل رقم 30ملین منافع کے ساتھ جمع کرانے کو تیارہیں۔ذرائع کے مطابق نیب نے بغیر کسی اثرورسوخ کو قبول کرتے ہوئے آزادانہ اورشفاف طریقے سے کائبر ریٹ کے ساتھ ٹرسٹ انویسٹمنٹ بینک کی طرف سے رضاکارانہ واپسی کی درخواست قبول کی اور اس طرح پرائیوٹائزیش کی ڈوبی ہوئی500ملین روپے کی انویسٹمنٹ 198.8ملین روپے منافع کے ساتھ ریکور کروائے۔واضح رہے کہ چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری نے جب سے عہدے کا چارج سنبھالا ہے انہوں نے بلاامتیاز احتساب کاعزم کررکھا ہے اور قومی خزانے سے لوٹی ہوئی رقوم کو واپس جمع کروا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :