کرپشن کے خلاف تحریک میں عوام ہمارا ساتھ دیں، سردار نصراﷲ

جمعرات 21 اپریل 2016 21:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 اپریل۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ کونسل کے صدر سردار محمد نصراﷲ نے کا کہنا ہے کہ ہم کرپشن کے خلاف تحریک چلائیں گے اور اس مشن میں عوام ان کا ساتھ دیں۔ کرپشن کرنے پر قومی سلامتی کے ادارے سے اگر افسران کو برطرف کیا جا سکتا ہے تو عوام اپنے منتخب نمائندوں کا احتساب کیوں نہیں کرسکتی۔ پوری قوم سڑکوں پر نکلے اور نواز شریف کے استعفے کا مطالبہ کرے تاکہ اس بات کا اعادہ ہوسکے کہ عوام متحد ہیں۔

نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے وزیر اعظم کے دفتر کا تقدس بحال ہونا چاہیے۔ آج ہم نے کرپشن کے خلاف آواز نہ اٹھائی تو آنے والی نسلیں ہم سے جواب مانگیں گی۔ ہر ذی شعور کو باہر آنے کی ضرورت ہے ورنہ یہ سلسلہ اسی طرح چلتا رہے گا اور سی آئی اے کا نیٹ ورک پاکستانی افواج کو گھیرے میں لے رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایک وقت آئے گا کہ ہم کچھ نہیں کر سکیں گے۔

پرانی بات نہیں انہی وجوہات کی بناء پر1971ء میں ہمارا ملک دو لخت ہوا ۔ انکا مزید کہنا تھا کہ پانامہ لیکس والا مسئلہ جب شروع ہوا تو تمام ملکوں کے سفارتکاروں سے رابطے کئے گئے۔ ملک کا خزانہ لوٹ کر لوگ اپنی جائیدادیں بیرون ملک بنا رہے ہیں اور ملک کو دیوالیہ بنا دیا ہے اس تمام معاملے پر کون جوابدہ ہے۔ یہ ایک مخصوص ٹولہ ملک کو کس طرف لیکر جارہا ہے اس بارے میں اب سوچنے کا وقت ہے۔

حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف اس مشن میں ہم ہر اس آدمی کو ساتھ لیکر چلیں گے جوخود بھی کرپشن کا خاتمہ چاہتا ہو گا۔کرپشن کے خلاف ہم تحریک چلائیں گے۔ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے کوئی لیڈر اگر یہاں پر اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکتا تو اس کو حکومت میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ پاکستان کے وسائل کا ناجائز استعمال کیا جا رہا ہے۔

ایسے حالات میں جنرل راحیل شریف کو مدت ملازمت میں توسیع لینی چاہیے۔کرپٹ افسروں کے خلاف کارروائی کرنے سے ان پر عوام کا اعتماد پختہ ہوا ہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ جونیجو کے صدر اقبال ڈارکا کہنا تھا کہ پاکستان کے اندر ایسے لوگ موجود ہیں جنہوں نے اربوں ڈالر کھائے ہیں۔ پولیٹیکل ورکر کسی بھی پارٹی کا ہو وہ کرپشن کا ساتھ نہ دے اور ایک محب وطن بنے۔ خاندانی سیاست کا خاتمہ کیوں نہیں ہوتا حاکم در حاکم لوگ ایک دوسرے کو سپورٹ کر رہے ہیں اسی نظام کے خلاف ہم نے تحریک چلانی ہے اور جمہوری نظام میں احتجاج کرنا ہر شہری کا حق ہے اور اس مقصد کے لئے میڈیا ہمارا ساتھ دے۔

متعلقہ عنوان :