احتساب نہیں تبدیلی کا سفر شروع، سیاسی شہید ہونے، جدہ بھا گنے کا وقت گزر گیا‘جمہوریت نہیں شریف خاندان اور انکے غلام وزراء کو خطرہ ہے، کرپشن کی فصل جس جس نے بوئی اب اس کی کٹائی کا عمل شروع ہو گیا ‘ چھوٹو نے گڈ گورننس کے دعویداروں کو بے نقاب کر دیا،کرپشن کا حساب دینے کی بجائے شوکت خانم پر الزامات شرمناک ہیں

قائد حزب اختلاف پنجاب میاں محمود الرشید کی صحافیوں سے بات چیت

جمعرات 21 اپریل 2016 21:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 اپریل۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا کہ ملک میں احتساب نہیں تبدیلی کا سفر شروع ہو گیا، اب سیاسی شہید ہونے جدہ بھاگنے کا دور گزر گیا، بعد میں جمہورت کا راگ الاپنے کی بجائے وزیراعظم خود کو احتساب کیلئے پیش کردیں،جمہوریت نہیں شریف خاندان اور انکے خادم وزراء کو خطرہ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ فوج میں احتساب کا عمل اچھی شروعات ہے، قوم اسکو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اب شریف خاندان کو بھی اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کرنا ہوگا ورنہ بعد میں جمہوریت کو خطرے کا راگ الاپنے کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں میاں محمود الرشید نے کہا کہ فوجی احتساب سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں البتہ حکمرانوں اور ان کے غلام وزراء کو ضرور ہے، کرپشن کی فصل جس جس نے بوئی اب اس کی کٹائی کا عمل شروع ہو گیا جو ملک وقوم کیلئے باعث مسرت ہوگا۔

پانا مہ لیکس سے متعلق سوال کے جواب میں میاں محمود الرشید نے کہا کہ حکومت خودفریبی میں مبتلا ہے جلد حالات کی نزاکت کا اندازہ ہو جائیگا، وزیراعظم کو جلد از جلد ایک قابل قبول کمیشن بناکر مکمل تحقیقات تک اقتدار سے الگ ہو جانا چاہیے کیونکہ اس بار وہ سیاسی شہید ہونگے نہ قوم جدہ بھاگنے دیگی۔ایک اور سوال کے جواب میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ چھوٹو گینگ نے گڈ گورننس کے دعویدار کو بے نقاب کر دیا ہے، حکومت اپنی رٹ کھو چکی ہے ، زراعت ہو یاتعلیم، صحت ہر شعبہ تباہی کی جانب جا رہا ہے ، وزراء اپنے محکموں میں کارکردگی بہتر بنانے اور پا نا مہ لیکس پرقوم کو جواب دینے کی بجائے شوکت خانم جیسے فلاحی اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن قوم حکمرانوں کی اصلیت جا ن چکی ہے ایسے الزامات لگا کر وہ کڑے احتساب سے نہیں بچ سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :