اطالوی تاجروں کے وفد کی وزیر مملکت برائے سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل سے ملاقات، پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا اظہار

جمعرات 21 اپریل 2016 21:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) اٹلی کے وزیر خارجہ کے ہمراہ پاکستان کے دورہ پر آئے تاجروں کے وفد نے وزیر مملکت برائے سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل سے ملاقات کی۔ اٹلی کے تاجروں نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی۔ جمعرات کو ہونے والی اس ملاقات کا بنیادی ایجنڈا اٹلی سے سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا تھا۔

اس مقصد کے لئے اٹلی کی معروف کمپنیوں کے سربراہوں پر مشتمل گروپ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے کے لئے اسلام آباد کے دورہ پر ہے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں فیڈرل سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈ، فیڈرل سیکریٹری انڈسٹریز، وزارت پٹرولیم و صنعت کے حکام نے بھی شرکت کی۔ اٹلی کے وفد میں اٹالین بلیلی انجینئرنگ گروپ کے صدر انتھونیو مولیسی، ایشیاء الیکٹرانکس کے نائب صدر پاولو گابورو، توانائی کمپنی ای این آئی کے ایم ڈی گیورگیو پیٹرو اور دیگر معروف اٹالین کمپنیوں کے سربراہان شامل تھے۔

اطالوی کاروباری شخصیات پر مشتمل وفد پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کی غرض سے دوسری کئی وزارتوں کے بھی دورے کر رہا ہے اور بڑی توقع کی جارہی ہے کہ عنقریب اٹلی کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوجائے گا۔

متعلقہ عنوان :