پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے چیپٹر کی کوارڈنیشن کمیٹی کے اراکین کی بلاول بھٹو سے ملاقات

جمعرات 21 اپریل 2016 21:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے پی کے چیپٹر کی کوآرڈنیشن کمیٹی کے اراکین نے جمعرات کے روز زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ یہ کوآرڈینیشن کمیٹی پارٹی کی تنظیم نو کے لئے پاکستان کے چاروں صوبوں میں بنائی گئیں ہیں تاکہ ضلع کی سطح تک پارٹی کی تنظیم نو کی جا سکے۔

کمیٹی کے جن اراکین نے پارٹی چیئرمین سے ملاقات کی اس میں پارٹی کے سابق صوبائی صدر رحیم داد خان، سینیٹر روبینہ خالد، سابق رکن قومی اسمبلی نور عالم خان، سابق صوبائی وزیر ہمایوں خان اور شاذی خان شامل تھے۔ اس ملاقات میں چیئرمین کے پولیٹیکل سیکریٹری جمیل سومرو، فوزیہ حبیب اور پارٹی کے ترجمان سینیٹر فرحت اﷲ بابر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے تنظیم نو پر زور دیتے کمیٹی سے کہا کہ وہ پوری طرح فعال ہوجائے اور اپنی سفارشات تین ماہ کے اندر تیار کر لے۔

انہوں نے کمیٹی کو یہ مشورہ بھی دیا کہ وہ کمیٹی کے کسی بھی رکن کو اس کمیٹی کے کوآرڈینٹر کے طور پر منتخب کرلیں تاکہ کمیٹی اپنے کاموں میں فعالیت لا سکے۔ چیئرمین نے کمیٹی کے اراکین کو یہ مشورہ بھی دیا کہ وہ صوبے کے تمام اضلاع کا دورہ کریں اور کارکنوں سے رابطہ کرکے ان کی آراء سے آگاہی حاصل کریں تاکہ مختلف عہدوں پر لوگوں کی تقرری کی جا سکے۔

انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ کمیٹی اپنے کام ایک منصوبہ بھی بنائے اور اس پر عمل کرے اور چیئرمین کے سیکریٹریٹ کو کاموں سے آگاہ کرتی رہے۔ چیئرمین نے یہ مشورہ بھی دیا کہ تمام متعلقہ پہلوؤں کو نظر میں رکھا جائے جیسا کہ ہر شخص کی ساکھ پارٹی سے وابستگی، مرکز کا ان پر اعتماد وغیرہ کو مدنظر رکھا جائے۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی ہر عہدے کے لئے کم از کم تین ناموں کی سفارش کرے جن میں سے قیادت ایک نام کا انتخاب کرے گی۔