لکی مروت:محکمہ بلدیات میں کلاس فور کے ملازمین کی بھرتیوں میں بے قاعدگیوں پراحتجاج

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعرات 21 اپریل 2016 20:36

لکی مروت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 21 اپریل۔2016ء ) محکمہ بلدیات میں کلاس فور کے ملازمین کی بھرتیوں میں مبینہ بے قاعدگیوں کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے اہلیان شہبازخیل نے ایک ہفتے کے اندرکلاس فوربھرتیاں منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور دھمکی دی ہے کہ بھرتیاں منسوخ نہ ہونے پرپورے ضلع میں سٹرکوں کوبندکریں گے ۔

(جاری ہے)

اہلیان یونین کونسل درہ پیزو نے شہباز خیل کے مقام پر انڈس ہائی وے ٹریفک کے لئے بند کردی ،خانقاہ زکوڑی شریف ڈی آئی خان کے سجادہ نشین اور جے یو آئی(ف) کے صوبائی رہنما پیر محمد فواد رضا زکوڑی، ڈسٹرکٹ کونسلر حاجی عبدالرؤف خان، تحصیل کونسلرحاجی وزیر خان،ناظم فاروق خان اورحاجی بشیرخان کی قیادت میں بڑی تعداد میں مظاہرین شہباز خیل اڈے پر جمع ہوئے اور احتجاج کیا،انہوں نے ہائی وے کے بیچوں بیچ ٹائر جلا کر اسے ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا خیبر پختونخوا کو دیگر تین صوبوں سے ملانے والی شاہراہ کی بندش سے دونوں طرف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اس موقع پر ناظم حاجی عبدالرؤف خان نے کہا کہ دیہی کونسلوں کے لئے کلاس فور ملازمین کی بھرتیوں میں بے قاعدگیاں کی گئی ہیں یہاں تک کہ شہباز خیل اور دیگر کونسلوں میں غیر مقامی افراد بھرتی کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات بھرتیوں کے بعد سے غائب ہیں اور بلدیاتی نمائندوں کا سامنا کرنے سے کتراتے ہیں انہوں نے بھرتیوں کی منسوخی کا مطالبہ کیا اس موقع پر پیر محمد فواد رضا زکوڑی نے کہا کہ حکومت نے ایک ہفتے کے اندر اندر کلاس فور ملازمین کی بھرتیوں میں بے قاعدگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے فی الفور منسوخ نہ کیں تواحتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ضلع بھر تک بڑھا دیا جائے گا بعد میں ڈی ایس پی لکی افتخار علی شاہ سے کامیاب مذاکرات کے بعد ہائی وے ٹریفک کے لئے کھول دی گئی اور مظاہرین منتشر ہوگئے۔