کراچی ، ڈی ایم سی ویسٹ پیرا میڈیکل اسٹاف کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف پریس کلب پر احتجاج

جمعرات 21 اپریل 2016 19:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) ڈی ایم سی ویسٹ پیرا میڈیکل اسٹاف نے تنخواہیں نہ ملنے کے خلاف جمعرات کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا،مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے جن پر اپنے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین کے شرکاء نے میڈیا کو بتایا کہ ڈی ایم سی ویسٹ کے ایڈ منسٹریٹر نے گزشتہ 3 ماہ سے پیرا میڈیکل اسٹاف کی تنخواہیں ادا نہیں کی ہیں جس پر متعلقہ دفتر کے بار بار چکر لگائے گئے ہر بار ٹال مٹول سے کام لیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تنخواہوں کی مد میں رقم جاری کی جاچکی ہے اس کے باوجود تنخواہیں جاری نہیں جا رہی ہیں۔ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث ملازمین کے اہل خانہ فاقہ کشی پر مجبور ہو گئے ہیں اور بچوں کی فیسوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ان کے اسکول مالکان بچوں کو اسکولوں سے نکال رہے ہیں جبکہ کرائے کے مکانات میں رہائش پزیر ملازمین کو کرایہ مالکان کی جانب سے پریشانی کا سامنا ہے۔ مظاہرین نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور وزیر بلدیات جام خان شورو سے اپیل کی ہے کہ وہ ایڈمنسٹریٹر کے خلاف کارروائی کریں اور ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کی ہدایات جاری کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :