کے ایم سی لینڈ ریکارڈ کو مکمل کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ،روزانہ 100فائلیں کمپیوٹرائزڈ کی جائیں گی

جمعرات 21 اپریل 2016 19:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) کے ایم سی لینڈ ریکارڈ کو مکمل کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت 100 فائلیں روزانہ آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے توسط سے کمپیوٹرائزڈ کی جائیں گی جبکہ لینڈ ڈپارٹمنٹ کا عملہ تجاوزات کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر شہر کا دورہ کرے گا جہاں بھی سرکاری زمین پر تجاوزات ہوں گی اس کی تحریری اطلاع محکمہ انسداد تجاوزات کو دے گا جس کی ایک نقل ایڈمنسٹریٹر سیکریٹریٹ میں بھی جمع کرائی جائے گی اس بات کا فیصلہ ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کی زیرصدارت محکمہ لینڈ اور آئی ٹی کے افسران کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں سینئر ڈائریکٹر آئی ٹی مسعود عالم اور ڈائریکٹر لینڈ کے ایم سی نجم الزماں اور دیگر افسران موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اس موقع پر ہدایت کی کہ محکمہ لینڈ کے ایسے افسران جن کی تنخواہ لینڈ کے محکمے میں نہیں کسی دوسرے محکمے میں ہے ان کو فوراً فارغ کیا جائے وہ متعلقہ محکمے میں رپورٹ کریں انہوں نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ کو مکمل کمپیوٹرائزڈ ہونا چاہئے تاکہ ریکارڈ کو محفوظ بنایا جاسکے جبکہ فائلوں کے لئے ایک مکمل ریکارڈ روم قائم کیا جانا ضروری ہے، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت کی کہ ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا کام بلاتاخیر شروع کیا جائے اور کل سے کم از کم 100 فائل روزانہ کی بنیاد پر آئی ٹی کے تعاون سے فائلیں کمپیوٹرائزڈ کی جائیں تاکہ اس کام کو جلد از جلد مکمل کیا جاسکے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے شہر میں سرکاری زمین پر قائم ہونے والی تجاوزات پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسا ممکن نہیں کہ تجاوزات ہو رہی ہوں اور متعلقہ افسر کو معلوم نہ ہو، لینڈ ڈپارٹمنٹ کے افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی زمین کی حفاظت کریں لہٰذا لینڈ ڈپارٹمنٹ کے تمام افسران اور عملہ اپنی اپنی حدود میں فوراً سروے کریں جہاں بھی تجاوزات ہورہی ہوں اس کی اطلاع محکمہ انسداد تجاوزات کو تحریری طور پر دیں اور اس کی نقل ایڈمنسٹریٹر سیکریٹریٹ کو بھی بھیجیں تاکہ فوراً کارروائی کی جاسکے۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے دو ماہ کے دوران جاری ہونے والی لیز، لیز کی تجدید اور موٹیشن کی فہرست بھی طلب کرلی ہے۔

متعلقہ عنوان :