گورنرخیبرپختونخواکی زیر صدارت ہیڈکوارٹرقلعہ بالاحصار میں اعلی سطحی اجلاس

وطن کے دفاع ،سلامتی کی خاطر جانیں قربان کرنیوالے قوم کے حقیقی ہیرو ہیں، گورنر خیبرپختونخوا پاک افواج، سیکورٹی فورسز ،ایف سی کی لازوال قربانیوں کی بدولت خطے میں امن لوٹ آیا ہے،خطاب

جمعرات 21 اپریل 2016 19:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے سیکورٹی فورسز کے جوانوں اور افسران کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ وطن کے دفاع اور سلامتی کی خاطر جانیں قربان کرنیوالے اس قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاک افواج، سیکورٹی فورسز اور ایف سی کی لازوال قربانیوں کی بدولت اس خطے میں امن لوٹ آیا ہے اور ہماری فورسز جس جذبے کے ساتھ ملک کی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہیں پوری قوم کو اس پر فخرہے اور اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ اور پائیدار امن کے حصول کیلئے سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وہ جمعرات کے روزپشاور میں فرنٹیئر کور کے ہیڈکوارٹرقلعہ بالا حصار کے دورے کے موقع پر ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا محمد اسلم کمبوہ اور دیگر سول وملٹری حکام شریک تھے۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی میجرجنرل شاہین مظہر محمود نے گورنر کو ایف سی کے کردار اور خطے میں امن وامان کی صورتحال پرتفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں فاٹا اورصوبے میں امن وامان کی صورتحال کاجائزہ لیاگیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ پوری قوم سیکورٹی فورسز اور ایف سی کے جوانوں اور افسران کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ہماری سیکورٹی فورسز ملکی سرحدوں کی حفاظت کرنا خوب جانتی ہیں۔ گورنرنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایف سی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری سیکورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جو قربانیاں دی ہیں انہیں ہمیشہ یاد رکھاجائیگا اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔قبل ازیں ایف سی ہیڈکوارٹرپہنچنے پر انسپکٹرجنرل فرنٹیئر کور میجرجنرل شاہین مظہر محمود اور دیگرافسران نے گورنر کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر گورنرنے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعابھی کی جبکہ فرنٹیئرکور کے چاق وچوبند دستے نے گورنر کو سلامی بھی پیش کی۔

متعلقہ عنوان :