سینئر وزیر خیبرپختونخواعنایت اﷲ کی صدارت میں ڈبلیو ایس ایس پی بارے اجلاس

اجلاس میں ڈبلیو ایس ایس پی کی جانب سے تیار کردہ کے پی آئیز کے ابتدائی مسود ے کا جائز ہ لیا گیا پانی، صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے شعبوں کے لئے مقررہ اہداف کا تعین کیا گیا

جمعرات 21 اپریل 2016 19:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) صوبائی حکومت نے واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ڈبلیو ایس پی) کو پانی، صفائی اور نکاسی آب کے شعبوں میں کارکردگی کے اعشاریوں (کے پی آئیز) کی بنیاد پر آئندہ تین مہینوں کے اہداف دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ شہر میں متعدد مقامات پر بارانی اور سیلابی پانی کھڑا ہونے کے مسئلے کے حل کے لئے خصوصی آلات اور عملے کا بندوبست کیا جائے جبکہ اس کے پائیدار حل کے لئے منصوبہ وضع کیا جائے۔

اس سلسلے میں سینئر وزیر بلدیات ودیہی ترقی عنایت اﷲ خان کی صدارت میں حیات آبادپشاورمیں ڈبلیو ایس ایس پی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں بورڈ کے ممبر ڈاکٹر محمد اقبال خلیل، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈبلیو ایس ایس پی انجینئر محمد نعیم خان، منیجر پراجیکٹ شیدا محمد، زونل منیجر اشراف قادر، عارف رؤف، علی خان ، امین گل شنواری اور سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ سید ظفر علی شاہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈبلیو ایس ایس پی کی جانب سے تیار کردہ کے پی آئیز کے ابتدائی مسود ے کا جائز ہ لیا گیا ،پانی، صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے شعبوں کے لئے مقررہ اہداف کا تعین کیا گیاجس کے تحت پینے کے پانی کے غیر قانونی کنکشنز کو قانونی شکل دی جائے گی، پانی کا معیار مسلسل ٹیسٹ کیا جائے گا جہاں پانی میں وائرس پایا جاتا ہے اس کی صفائی کے لئے بندوبست کیا جائے گا، بارانی اور گھریلو پانی کے نکاس کے نالوں کی صفائی وبحالی اور دوبارہ ڈیزائننگ کی جائے گی۔

اجلاس میں مارچ میں ہونے والے اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیاانجینئر محمد نعیم خان نے سینئر وزیر کو جاری اور مجوزہ منصوبوں اور درپیش چیلنجوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کچرا تلف کرنے کے لئے جگہ عنقریب حاصل کی جائے گی، خیبر ایجنسی میں جبہ ڈیم کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جسے رواں مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائے گا، نکاسی آب کے نالوں کی ری ڈیزائننگ اور بحالی کی جارہی ہے جبکہ بوسیدہ پانی پائپ لائن بھی بتدریج تبدیل کی جارہی ہے۔

سینئر وزیر عنایت اﷲ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے پی آئیز میں لوگوں کی ذمہ داریوں کا بھی تعین کیا جائے دیگر ممالک کے جدید تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے مسائل کی نشاندہی اور حل فوری یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے نئے کنکشن، میکینکل سویپنگ، کچرا ٹھکانے لگانے اور ریونیو کے اہداف کے حصول کے لئے باقاعدہ طریقہ کار کے تحت اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ادارہ اپنے پیروں پر کھڑا ہو۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مجوزہ قانون کا مسودہ جلد تیار کر کے پیش کیا جائے جس میں محاصل ، اخراجات اور محاصل میں توازن کو مدنظر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ناظمین اور دیگر محکموں سے متعلق ڈبلیو ایس ایس پی کے روابط اور ممکنہ مسائل کے حل کے لئے واضح پالیسی دے گی جس میں ہر کسی کے کردار اور ذمہ داریوں کا واضح تعین ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن ون اور تھری ناظمین کو ڈبلیو ایس ایس پی بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے ڈبلیو ایس ایس پی کو ہدایت کی کہ دیگر محکموں سے متعلق مسائل بارے وزیر اعلیٰ کے لئے سمری تیار کی جائے تاکہ وزیر اعلیٰ کے ساتھ جلد اجلاس منعقد کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :