موسمیاتی تبدیلیوں پر گہری نظر رکھنی ہو گی ، حکومت نے پالیسی تیار کی ہے اور اقدامات بھی اٹھا رہی ہے ، زاہد حامد

وزیراعظم کے گرین پاکستان منصوبے کے تحت ملک بھر میں درخت لگائے جا رہے ہیں ، سینیٹ میں جواب

جمعرات 21 اپریل 2016 19:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) وزیر انچارج موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے سینیٹ کو بتایا کہ موسمیاتی تبدیلیوں پر گہری نظر رکھنی ہو گی ، حکومت نے اس حوالے سے پالیسی تیار کی ہے اور اقدامات بھی اٹھا رہی ہے ، وزیراعظم کے گرین پاکستان منصوبے کے تحت ملک بھر میں درخت لگائے جا رہے ہیں ۔ جمعرات کو سینیٹ میں وقفہ سوالات میں جواب دیتے ہوئے زاہد حامد نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران جنگلات کے تحفظ اور فروغ کے لئے پی ایس ڈی پی کے تحت پراجیکٹس شروع نہیں کئے گئے۔

یہ شعبہ صوبوں کو منتقل ہو چکا ہے۔ صوبے اس حوالے سے کام کر رہے ہیں۔ وزارت ایسے پراجیکٹس نہیں کرتی۔ وزیراعظم کے گرین پاکستان منصوبے کے تحت صوبوں کے ساتھ تعاون کیا جارہا ہے اور ملک بھر میں درخت لگائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

گلیشیئرز کے پگھلنے سے موسمیاتی تبدیلی ہو رہی ہے۔ سیلاب بھی آرہے ہیں اور قحط سالی بھی‘ ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں پر گہری نظر رکھنی ہے اور اس حوالے سے اقدامات کرنے ہیں۔

موجودہ حکومت نے اس حوالے سے پالیسی تیار کی ہے اور اقدامات کر رہی ہے۔ زاہد حامد نے بتایا کہ اکتوبر 2015ء کے زلزلہ کے بعد خیبر پختونخوا میں تین امدادی کیمپ اور 27 مقامات پر امدادی سامان کی تقسیم کے انتظامات کئے گئے‘ 5604 زخمیوں کا سرکاری؍ فوجی ہسپتالوں میں علاج کیا گیا۔ خیبر پختونخوا میں سکولوں کے لئے 1978 شیلٹرز؍ ٹینٹس فراہم کئے گئے۔ صوبوں کو 0.5 ارب روپے بھی جاری کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :