آواز فاؤنڈیشن، انٹر یونیورسٹی کنشورشیم، سنٹر فار پالیسی سٹڈیز، کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ کے اشتراک سے خصوصی مکالمے کا اہتمام

جمعرات 21 اپریل 2016 18:47

اسلام آباد ۔ 21 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 اپریل۔2016ء) آواز فاؤنڈیشن، انٹر یونیورسٹی کنشورشیم برائے فروغ سوشل سائنسز، سنٹر فار پالیسی سٹڈیز، کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اسلام آباد کے باہمی اشتراک سے پائیدار ترقی کے اہداف برائے اقوام متحدہ کے حوالے سے کامسیٹس اسلام آباد میں خصوصی مکالمے کا اہتمام کیا گیا جس میں ممبران پلاننگ کمیشن، نمائندگان سول سوسائٹی، ماہرین معاشیات اور طلبا ء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر ممبر پلاننگ کمیشن ڈاکٹر نعیم ظفر نے شرکاء سے اپنے خیالات کا تبادلہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان میں پائیدار ترقی کے اہداف اور ان کے حصول کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے اور اسلسلے میں پلاننگ کمیشن کی جانب سے ایک خصوصی سیل بھی تشکیل دیا گیا ہے جووطن عزیز میں پائیدار ترقی کیلئے کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

سربراہ سنٹر فار پالیسی سٹڈیز کامسیٹس سفیر فوزیہ نسرین نے کہا کہ پاکستان میں پائدار ترقی کا حصول حکومت اور ماہرین تعلیم اورسول سوسائٹی کے باہمی اشتراک سے ہی ممکن ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر آواز فاؤنڈیشن ضیا ء الرحمان نے کہا کہ 2015میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرار داد منظور کی گئی تھی جس کے مطابق ایسے اقدامات اٹھائے جائیں گے جن سے 2030تک ترقی پذیر ممالک میں غربت کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا،نیشنل کو آرڈینیٹر انٹر یونیورسٹی کنثورشیم برائے فروغ سوشل سائنسز محمد مرتضیٰ نور نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کا راز تعلیم میں مضمر ہے مگر افسو س کے ہمارے ہا ں لاکھوں بچے زیور تعلیم سے محروم ہیں ،اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہیومین ریسورس ڈویلپمنٹ نیٹ ورک سہیل اعوان، سینٹر فار پالیسی سٹڈیز سے شیبا فاروق، کیئر انٹرنیشنل سے اسمہ کرن جبکہ جبکہ ایڈوائزر کامسیٹس جاوید ظفر نے بھی پاکستان میں پائیدار ترقی کے اہداف اور ان کے حصول تک رسائی کے لئے مختلف منصوبہ جات پیش کئے۔

مکالمے کے اختتام پر وطن عزیز میں غربت کے خاتمے ،سوشل سیکٹر کی بہتر کارکردگی اور اس حوالے سے جامعات کے موثر کردار کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :